Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 12 جون ، 2025 | Thursday , June   12, 2025
جمعرات ، 12 جون ، 2025 | Thursday , June   12, 2025

مسلم نوجوان تخلیقی صلاحیتوں کا  سرچشمہ ہیں، او آئی سی

نوجوانوں کے لیے فوری اور وسیع البنیاد پالیسی بنائی جائے۔ (فوٹو او آئی سی)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین نے کہا ہے کہ پوری اسلامی دنیا میں نصف ارب نوجوان مرد و خواتین یقینی طور پر اپنے اپنے معاشروں میں توانائی، طاقت اور تخلیقی صلاحیتوں کے چشمے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بہتر مستقبل کی جانب تبدیلی، دنیا کی بہتری اور ترقی میں نوجوانوں کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مجرمانہ سرگرمیوں کے خطرات سے آگاہ کرنے کی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔(فوٹو عرب نیوز)

سیکریٹری جنرل نے تنظیم اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے یوم نوجواناں کے موقع پرکہا کہ 2017  میں مغربی افریقہ کے ملک ایوری کوسٹ( کوٹ ڈی اویور ) میں منعقدہ  وزرائے خارجہ کونسل (سی ایف ایم) کے اجلاس میں 3 ستمبر کو او آئی سی کے یوتھ ڈے سے منسوب کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا  کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور اس کے نتیجے میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے غیر معمولی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اسلامک ڈویلپمنٹ بینک اوراسلامی یکجہتی فنڈ نوجوانوں کے لیے آگے آٓئیں(فوٹو سوشل میڈیا)

اس وائرس کے پھیلاو کے سبب نوجوانوں کی بڑی تعداد  کو روزگار، تعلیم ، صحت اور معاشرتی سرگرمیوں سے متعلق چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
صحت کے ماہرین کا خیال ہے کہ  یہ وبائی مرض  کثیر جہتی اور طویل المیعاد ہوگا اور معاشرتی ، ثقافتی ، معاشی اور سیاسی معاشروں سمیت تمام معاشروں پر اثر انداز رہے گا۔
اسی طرح آج کا نوجوان اور آئندہ نسلیں اس وبائی بحران کے بہت سے طویل مدتی معاشی اور معاشرتی نتائج برداشت کریں گی۔

کورونا وائرس نے نوجوانوں سمیت پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

ڈاکٹر العثیمین نےممبر ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ  وبائی مرض پر قابو پائے جانے کے بعد کے انتظام سے متعلق چیلنجوں کی روشنی میں حکمت عملی بنائیں جس کا مقصد نوجوانوں کے لیے فوری اور وسیع البنیاد پالیسی تیار کرنا ہو۔ ایسی حکمتعملی میں او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ نے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔
ان اقدامات میں چند رکن ممالک کو شامل کر کے اسلامک ڈویلپمنٹ بینک اور اسلامی یکجہتی فنڈ  کے ذریعے کورونا وائرس بحران کا سامنا کرنا اور معاشرے کے تمام طبقات کے لئے بہتر مستقبل کی تیاری کے لئے مدد فراہم کرنا شامل ہے۔

 دنیا کی بہتری اور ترقی میں نوجوان مسلمانوں کو اہم کردار نبھانا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

ڈاکٹر العثیمین نے پرتشدد انتہا پسندی اور دہشت گردی کےخطرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ عالم اسلام میں امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہمیں اعتدال پسندی اور رواداری کے لحاظ سے اسلام کی اصل  شکل کو عام کرنے اور نوجوانوں کو مجرمانہ گروہوں میں شمولیت کے خطرات سے آگاہ کرنے کی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔
اس موقع پر سیکریٹری جنرل نے کہا کہ"میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ او آئی سی نے نوجوانوں کے لئے ایک حکمت عملی اپنائی ہے جس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے اہم اور پائیدار پالیسیاں شامل ہیں۔
او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے تمام ممبر ممالک کے ساتھ ساتھ  نوجوانوں اور  ان کےلیے کام کرنے والے اداروں سمیت دیگر شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرنے کا اعادہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ  یہ  تعاون نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور اسلامی دنیا میں  ان کے کردار کو متحرک کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: