سوڈان میں سیلاب متاثرین کےلیے امدادی سامان کی ترسیل
سوڈان میں سیلاب متاثرین کےلیے امدادی سامان کی ترسیل
منگل 1 ستمبر 2020 13:42
امدادی سامان میں خیمے اور دیگر اشیا شامل ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
شاہ سلمان امدادی سینٹر کی جانب سے سوڈان میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی اشیا لے کر پہلا طیارہ سوڈان کے دار الحکومت خرطوم پہنچ گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بھیجا جانے والا سامان 90 ٹن ہے جس میں 300 خیمہ، 1800 کمبل ، 210 غذائی اشیا پر مشتمل پیکٹس ، 40 ٹن کھجور اور 300 ہنگامی امدادی اشیا پر مشتمل بیگز شامل ہیں ۔امدادی سامان سوڈان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کے لوگوں میں تقسیم کیا جائے گا ۔ امدادی اشیا خرطوم میں سعودی سفارتکاروں نے وصول کیں بعدازاں انہیں وہاں کی مقامی این جی او کے حوالے کیا گیا جن کے تعاون سے متاثرین میں تقسیم کیاجائےگا۔
سیلاب سے متاثرہ افراد میں امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا(فوٹو، ایس پی اے)
سوڈان میں موجود این جی او کے منتظم ڈاکٹر اسماعیل عثمان الماجی نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ سوڈان کے عوام کا ساتھ دیا کسی بھی مشکل گھڑی میں سب سے پہلے مملکت کی جانب سے دست تعاون دراز کیاجاتاہے۔ حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات میں سوڈانی عوام کےلیے سعودی عرب سے ملنے والے سامان پر ہم سعودی حکام کے شکرگزار ہیں۔
دوسری جانب فلاحی تنظیم کے نگران عباس فضل اللہ نے بھی سعودی قیادت اور مملکت کے حکام کی جانب سے متاثرین کے لیے امدادی اشیا بھیجے جانے پر اظہار تشکر کیا