Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025

کالعدم جماعت الدعوۃ کے تین رہنماؤں کو قید کی سزا

جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو پہلے بھی دو مقدمات میں قید کی سزا ہو چکی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
لاہور میں انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے کالعدم جماعة الدعوة کے تین مرکزی رہنماؤں کے خلاف غیر قانونی فنڈنگ کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے حافظ عبدالسلام بن محمد اور پروفیسر ظفر اقبال کو مجموعی طور پر ساڑھے سولہ سال قید اور ڈیڑھ ، ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو ڈیڑھ سال قید اور بیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
کالعدم جماعة الدعوة کے رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 3 میں گزشتہ ہفتے کالعدم جماعت کے لیے غیرقانونی فنڈنگ کی فرد جرم عائد کی گئی اور مقدمہ نمبر 91/19 کا ٹرائل شروع کیا گیا تھا۔

 

جج اعجاز احمد بٹر نے کیس کا فیصلہ سنایا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی طرف سے سماعت کے دوران 10 سے زائد گواہوں کو پیش کیا گیا۔
کیس میں کالعدم جماعة الدعوة کی جانب سے ایڈووکیٹ نصیرالدین نیئر اور محمد عمران گل ایڈووکیٹ نے گواہوں کے بیانات پر جرح کی اور ملزمان کے حق میں دفاعی دلائل مکمل کیے۔
جمعے کو تین گھنٹے تک کیس کی سماعت جاری رہی جس کے بعد اے ٹی سی کورٹ نمبر  3کے جج اعجاز احمد بٹر نے فیصلہ سنایا۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے چند ماہ قبل جماعة الدعوة کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید اور پروفیسر ظفر اقبال کو مجموعی طور پر گیارہ گیارہ سال قید سزا کی سنائی تھی۔
عدالت نے کیس میں نامزد ایک اور ملزم یحییٰ مجاہد کو بھی پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ اب جماعة الدعوة کے تین رہنماﺅں کے خلاف کالعدم جماعت سے تعلق اور غیر قانونی فنڈنگ کے مقدمے کا فیصلہ سنایا ہے۔

شیئر: