گاڑی پر چٹان آگری، چار نوجوانوں کی نعشیں نکال لی گئیں
گاڑی پر چٹان آگری، چار نوجوانوں کی نعشیں نکال لی گئیں
بدھ 12 اگست 2020 19:52
اس حادثے کی اطلاع سے پورا علاقہ سوگوار ہے۔ (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب کے جازان ریجن کی العارضہ کمشنری میں سعودی شہری دفاع کے اہلکاروں نے چٹان کے نیچے سے لاپتہ چار سعودی نوجوانوں کی لاشیں نکال لیں۔ گاڑی پر چٹان گرجانے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق جائے وقوعہ لاشیں نکالنے کا منظر دل دہلا دینے والا تھا۔
شہری دفاع کے اہلکاروں کے ساتھ مقامی نوجوان اور مقیم غیرملکی بھی مدد کے لیے پہنچے ہوئے تھے۔ چاروں نوجوان گزشتہ ہفتے کوالعارضہ پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے لاپتہ ہوگئے تھے۔ مختلف ادارے ان کی تلاش میں تھے۔
جائے وقوعہ لاشیں نکالنے کا منظر دل دہلا دینے والا تھا۔(فوٹو العربیہ)
دو نوجوانوں کے چچا ماجد جابر الجزمی نے سعودی میڈیا کو بتایا کہ جائے وقوعہ سے متصل علاقے اور قریب کی وادیوں میں انہیں تلاش کرتے رہے۔ ہسپتالوں اور ایسے تمام مقامات کو چیک کرلیا گیا تھا جہاں جہاں ان کے ملنے کی توقع کی جاسکتی تھی۔
ماجد الجزمی نے کہا کہ اپنے دوستوں کے ہمراہ العبادل پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے۔
ماجد الجزمی نےمزید کہا کہ گھر والے نوجوانوں کی واپسی میں تاخیر پر تشویش میں مبتلا ہوگئے۔ موبائل پر رابطے کی کوشش کی گئی تو بند پائے گئے۔ ہم لوگ ان کی تلاش میں اس جگہ پہنچے جہاں سے وہ لاپتہ ہوئے تھے۔ چار نوجوانوں میں سے دو کی گاڑیاں مل گئیں باقی کی گاڑیاں بھی نظر نہیں آئیں۔
نوجوان العارضہ پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے اور لاپتہ تھے۔( فوٹو العربیہ)
گھر والوں نے آس پاس کے علاقوں اور وادیوں میں انہیں بار بار تلاش کیا۔ ہر ایک سے ان کی بابت دریافت کیا اور پھر پولیس میں رپورٹ درج کرائی۔
ماجد الجزمی نے بتایا کہ بعض شہریوں نے اطلاع دی کہ انہیں العارضہ کے کوہستانی علاقے کی ایک وادی میں چٹانوں کے درمیان ایک ٹوٹی پھوٹی گاڑی نظر آرہی ہے اور خوفناک طریقے سے حادثے سے دوچار لگتی ہے۔ پتہ چلا کہ یہ وہی گاڑی ہے جس پر چاروں نوجوان سوار تھے اور یہ تفریح گاہ سے تین کلو میٹر کے فاصلے پر پڑی نظر آئی۔
یاد رہے کہ اس حادثے کی اطلاع سے پورا علاقہ سوگوار ہے۔