سعودی عرب میں متعین برطانوی سفیر سائمون کولیز اور ان کی اہلیہ ھدیٰ مجرکش کے قبول اسلام اور مناسک حج کی ادائیگی کی خبروں اور تصاویر نے دنیا بھرمیں تہلکہ مچا دیا ۔ چار دانگ عالم میں برطانوی سفیر کے مشرف بہ اسلام ہونے کے تذکرے جاری ہیں۔قبولیت اسلام کے اعلان نے دنیا بھر میں اسلام پر دہشتگردی ، انتہا پسندی اور شدت پسندی کے الزامات کو زندہ درگور کر دیا ۔ سائمون کولیز کے قبول اسلام نے پوری دنیا کو جتا دیا کہ اسلام دنیا بھر کے ملکوں کےلئے پیغام امن کا سرچشمہ ہے ۔ برطانوی سفیر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ اسلام کی صداقت کا عرفان حاصل کر کے ہی مسلمان ہوئے ہےں ۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر اپنے نجی اکاﺅنٹ پر تحریر کیا ہے کہ میں مسلم معاشروں میں 30برس قیام کے بعد ہی حلقہ بگوش اسلام ہوا ہوں ۔ میں نے ھدیٰ مجرکش سے شادی سے قبل ہی اسلام قبول کر لیا تھا ۔ برطانوی سفیر کی اہلیہ ھدیٰ مجرکش نے ٹوئیٹر پر اپنے اکاﺅنٹ پر تحریر کیا کہ سعودی حکومت حجاج کرام کی خدمت نہایت اخلاص سے کر رہی ہے ۔ راستوں کے اطراف کھڑے نوجوان پیاسوں کو سیراب کر رہے ہیں ۔ طبی عملہ رضاکارانہ طرےقے سے مریضوں کو صحت خدمات فراہم کر رہا ہے ۔ کھانے پینے کا سامان نہایت محبت اور چاہت کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے ۔ حج انتظامات میں محبت کا عنصر غالب ہے ۔ اللہ تعالیٰ اس ریاست کو عزت بخشے اور اس کی حفاظت کرے ۔ یاد رہے کہ برطانیہ کی متعدد اہم ہستیاں پہلے بھی حلقہ بگوش اسلام ہو چکی ہیں ۔ اسلام قبول کرنے والے برطانوی مشاہیر میں بعض اب بھی حیات ہیں۔ ان میں ایک نام Cat Stevens کا بھی ہے جو اسلام قبول کرنے سے قبل پاپ موسیقار تھے۔ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنا اسلامی نام یوسف اسلام رکھا۔ دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد انہوں نے گلو کاری ترک کردی اور اسلامی نغموں ، ترانوں اور حمد و نعت کو اپنا معمول بنا لیا۔