Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعہ ، 13 جون ، 2025 | Friday , June   13, 2025
جمعہ ، 13 جون ، 2025 | Friday , June   13, 2025

امارات سے بھی امدادی سامان بیروت پہنچ گیا

40 میٹرک ٹن طبی سامان اور کھانے پینے کی اشیا بھیجی گئی ہیں۔ (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کا ایک طیارہ 40 میٹرک ٹن طبی سامان اور کھانے پینے کی اشیا لے کر بیروت پہنچ گیا ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی (وام ) کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یہ امداد ابو ظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید  کی ہدایت پر بھیجی گئی ہے۔
ہلال احمر امارات نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایت پر فوری طور پر ملک کے سٹریٹجک ایمرجنسی ریلیف ریزرو سے بیروت دھماکے کے متاثرین کو امداد فراہم کی ہے۔

 امداد کی فراہمی متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے۔ (فوٹو: وام)

ہلال احمر امارات کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد عتیق الفلاحی نے کہا کہ ’یہ امداد اماراتی قیادت کی ہدایت پر امارات کی جانب سے دنیا بھر میں ہونے والی آفات اور بحرانوں سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا تسلسل اور متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے۔'
انھوں نے کہا کہ ’اس بحران سے نمٹنےکےلیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک جامع اور مرحلہ وار امدادی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں موجودہ مشکل حالات کے دوران لبنانی صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے طبی سامان کی فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے۔'
’متاثرین کی بڑی تعداد کے باعث لبنان کے طبی شعبے پر دباؤ ہے جسے کم کرنے کےلیے فوری طبی امداد کی فراہمی ضروری ہے۔'

طبی سامان کی فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے۔ (فوٹو: وام)

ڈاکٹر محمد عتیق الفلاحی کا کہنا تھا کہ ’اس منصوبے میں بچوں کو زیادہ سے زیادہ امداد اور نفسیاتی مدد دینا شامل ہے۔ تمام دستیاب اطلاعات کے مطابق بچوں کی بڑی تعداد دھماکے سے متاثر ہوئی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ہلال احمر امارات متعلقہ لبنانی حکام کے ساتھ مل کر بیروت میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کے بیورو کے تعاون سے امدادی پروگرام کو وسعت دے رہی ہے۔

شیئر: