سعودی وزیر انصاف شیخ ڈاکٹر ولید الصمعانی نے واضح کیا ہے کہ ” دہشتگردی کے سرپرستوں کے خلاف قانون انصاف “ کے عنوان سے امرےکی کانگریس نے جو بل منظور کیا ہے وہ بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے سراسر خلاف ہے اور ان کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ اس سے تمام عالمی روایات الٹ پلٹ کر رہ جائیں گی ۔ مبینہ بل کا مضمون اقوام متحدہ کے منشور کے خلاف ہے اور ریاستی خود مختاری کو چےلنج کر رہا ہے ۔ وزیر انصاف نے خبردار کیا کہ امرےکی کانگریس نے مبینہ بل منظور کر کے یہ فرض کر لیا ہے کہ امرےکی عدالت پوری دنیا کی عدالتوں کا مرکز ہے اور تمام ممالک اس کے دربار میں حاضری پر اس طرح مجبور ہوں گے گویا وہ عام افراد ہیں ۔ بین الاقوامی تعلقات کی تاریخ میں کبھی ایسا کوئی قانون جاری نہیں ہوا یہ خطرناک نظیر ہے ۔ اس سے بین الاقوامی بنیادی اصولوں اور قانونی ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہو رہی ہے ۔ اس سے انارکی کا دروازہ کھلے گا ۔ اس سے ممالک کے درمیان قانون سازی مذاق بن کر رہ جائے گی ۔ اس کا اثر بین الاقوامی تعاون کے تمام شعبوں پر پڑے گا ۔ اس قانون کی وجہ سے امرےکی حکومت متاثر ہو گی ۔ دنیا بھر کے ملکوں اور امرےکی حکومت کے درمیان اعتماد کا رشتہ متزلزل ہو گا ۔