طواف کے صحن میں مختلف رنگوں کی علامتیں بنائی گئی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی نائب وزیر حج و عمرہ عبدالفتاح مشاط نے مسجد الحرام میں حجاج کے استقبال کے لیے حتمی انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اطمینان حاصل کیا کہ طواف، سعی اور دیگر عبادات کرتے ہوئے حجاج سماجی فاصلہ کس طرح برقرار رکھیں گے اور کورونا وائرس سے کس طرح بچ سکیں گے۔
الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر حج نے بتایا کہ طواف کے صحن میں مختلف رنگوں کی علامتیں بنائی گئی ہیں۔ حاجیوں کو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہرگروپ مخصوص رنگ سے جڑا ہوا ہوگا۔
طواف کے لیے الگ الگ رنگ کی علامتیں رکھی گئی ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
نائب وزیر حج نے بتایا کہ حاجیوں کے ہر گروپ کے لیے طواف کے حوالے سے الگ الگ رنگ کی علامتیں رکھی گئی ہیں۔ ہر گروپ اپنے لیے مخصوص رنگ والی علا مت کے دائرے ہی میں رہتے ہوئے طواف کرے گا۔
عبدالفتاح مشاط نے بتایا کہ خانہ کعبہ کا طواف کرنے والوں کے مابین سماجی فاصلے کو یقینی بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک حج کرنے والوں میں کوئی بھی کورونا کا مریض نہیں نکلا۔
نائب وزیر حج نے کہا کہ ہنگامی صورت حال کبھی اور کہیں بھی پیش آسکتی ہے- ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے پیشگی سکیمیں تیار کرلی گئی ہیں۔ حاجیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سابقہ سکیموں میں حفظان صحت کی تدابیر کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں