عازمین کو مقررہ ضوابط کے تحت 8 ذوالحجہ کو منی پہنچایا جائے گا (فوٹو العربیہ)
سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ اس سال محدود پیمانے پرعازمین حج کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی، جن کا تعلق 160 ممالک سے ہے، فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے ملک کے مختلف شہروں سے مکہ مکرمہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق نائب وزیر حج نے بتایا کہ عازمین حج کو آج سے 8 ذوالحجہ تک مکہ مکرمہ کے مختلف ہوٹلوں میں ’کوارنٹائن‘ کیا گیا ہے جہاں وہ 5 دن احتیاطی تدابیر کے تحت گزریں گے، اور بعد ازاں تمام عازمین کو مقررہ ضوابط کے تحت 8 ذوالحجہ کو منی پہنچایا جائے گا۔
ایئر پورٹ پر وزارت حج کی جانب سے خصوصی کاونٹرز قائم ہیں (فوٹو العربیہ)
نائب وزیر حج نے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ حج کے لیے عازمین کا انتخاب وزارت کی ویب سائٹ سے کیا گیا ہے جو مکمل شفافیت پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت صحت اور داخلہ کی جانب سے مقررہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے تمام عازمین کو ڈیجٹل کڑے پہنچا دیے گئے تھے جن کے ذریعے وہ سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرنے کے پابند تھے۔
وزارت حج کی جانب سے مقررہ ضوابط کا ہر طرح سے خیال رکھا گیا ہے۔ ایام حج میں عازمین کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ کا انچارج اپنے عازمین کی ضروریات کا خیال رکھنے کا پابند ہے۔
دریں اثنا سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت حج وعمرہ کے سیکریٹری ڈاکٹر حسن الشریف کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
وزارت حج کی جانب سے مقررہ ضوابط کا خیال رکھا گیا ہے (فوٹو العربیہ)
جدہ کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر وزارت حج کی جانب سے خصوصی کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں مختلف شہروں سے آنے والے عازمین کا استقبال کر کے انہیں مقررہ ایس او پیز کے تحت پہلے سے تیار کردہ بسوں میں سوار کیا جاتا ہے جو عازمین کو مکہ مکرمہ پہنچا دیتی ہیں۔
ڈاکٹر الشریف نے مزید کہا کہ جدہ ایئر پورٹ پر آنے والےعازمین کے معاملات کو جلدی نمٹانے کے لیے اضافی عملے کو بھی متعین کیا گیا ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب شہری دفاع نے بھی حج سیزن کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیےسپیشل موٹرسائیکل سکواڈ کو ذمہ داریاں سونپی جا چکی ہیں۔
مشاعر مقدسہ میں شہری دفاع کے ذیلی یونٹس کو بھی تیار کردیا گیا ہے جہاں ضروری ساز وسامان اور مشینری پہنچ دی گئی ہے۔