Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
بدھ ، 30 جولائی ، 2025 | Wednesday , July   30, 2025
بدھ ، 30 جولائی ، 2025 | Wednesday , July   30, 2025

فرقہ وارانہ نعرے لگانے والے دشمنوں کا ایجنڈا پورا کررہے ہیں ، امام حرم

مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر خالد الغامدی نے واضح کیا ہے کہ اتحاد بین المسلمین ہی عصر حاضر کے ہیبت ناک فتنوں سے نجات کی کلید ہے ۔ خفیہ اور علانیہ شیاطین اور رہزنوں کی بھرمار کے عالم میں قرآن و سنت کی بنیادوں پر مسلمانان عالم کے درمیان اتحاد و اتفاق امت مسلمہ کی اشد ضرورت ہے ۔ وہ حج 1437ھ کے مناسک کی ادائےگی کے بعد آنےوالے پہلے جمعہ کے موقع پر لاکھوں حجاج کرام اور مکہ و مضافات کے باشندوں کے سامنے ایمان افروز خطبہ دے رہے تھے ۔ امام حرم نے کہا کہ فرقہ وارانہ نعرے لگانے والے دشمنوں کا ایجنڈا پورا کر رہے ہیں ۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے حج مناسک کی شکل میں ہمیں توحید اور اتحاد کا ایسا کورس کرایا ہے جس سے وابستہ رہنے کی صورت میں دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت ہمارا بال بےکا نہیں کر سکتی ۔ امام الغامدی نے کہا کہ حج کی عبادت اپنی پاکےزگی اور اپنی افادیت کے حوالے سے اس قدر عظیم ہے کہ اس کی روشنی حجاج کرام کی آئندہ زندگی کے ہر پہلو اور ہر گوشے کو منور کرنے کی ضامن ہے ۔ حجاج کرام نے میدان عرفات میں گناہوں سے توبہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور محبت اور اخلاص کے ساتھ ندامت کے آنسو بہا کر اور رب کے حضور اپنی بندگی کا مکمل اظہار کر کے دنیاوی آلائشوں ، آلودگیوں اور معصیتوں سے نجات حاصل کر کے نیا جنم دیا ہے ۔ اللہ تبارک و تعالیٰ پاکےزہ جنم کے تقاضوں کو پورا کرنے کی توفیق و سعادت بخشتا رہے ۔ امام حرم نے حجاج کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ حضرات نے اللہ تعالیٰ سے معافی طلب کی ، گناہوں کی مغفرت کی درخواست کی ۔ اس سے کرم اور مہربانی طلب کی ۔ اللہ تعالیٰ نے یقینا آپ کو اپنے فضل و کرم سے نوازا ۔ آپ اللہ کے مہمان ہیں ۔ا سکے گھر کے زائر ہیں ۔ اللہ تعالیٰ اکرم الاکرمین ہے ۔ وہ ایسی ہستی ہے جو اپنے گھر آنےوالوں کو مایوس نہیں کر سکتی ۔ امام حرم نے کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے مناسک حج کی ادائےگی میں سہولت پیدا کی وہ لوگ جنہوں نے ضیوف الرحمان کے امن و امان کی پاسداری کی وہ لوگ جنہوں نے حجاج کرام کو آسانیاں فراہم کرنے میں تن من دھن کی قربانیاں دیں ۔ وہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور ہم سب کے شکریہ کے مستحق ہیں ۔ امام حرم نے کہا کہ حج مبرور درحقیقت سچے بندے کی نئی صبح اور نئے جنم کی علامت ہے ۔ امام حرم نے کہا کہ حج کثیر المقاصد عبادت ہے ۔ جب جب حج کا عالمی اجتماع منعقد ہوتا ہے تب تب مسلمانوں کے اتحاد و اتفاق کا بھرپور مظاہرہ بھی ہوتا ہے تب تب ایمانی اخوت کے معانی اپنی پوری قوت کے ساتھ اجاگر ہوتے ہیں ۔ یقین کیجئے کہ اتحاد بین المسلمین ہی چاروں طرف سے مسلمانوں کو اپنے گھےرے میں لئے ہوئے زبردست خطرات اور تاریکی پھےلانے والے فتنوں سے نجات کا واحد ذرےعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے طرےقہ کار کو پوری قوت سے تھام لینے ہی میں ہماری کامیابی ہے ۔ امام حرم نے کہا کہ مسلمانوں پر مختلف شکل و صورت میں طرح طرح کے الزامات تھوپے جا رہے ہیں ۔ مسلمانوں پر دہشتگردی اور انتہا پسندی کا الزام لگایا جا رہا ہے ۔ حرمین شریفین کی سرزمین کےخلاف الزامات کا طوفان برپا کیا جا رہا ہے ۔ ان ساری سرگرمیوں کا مقصد مسلمانوں کو کمزور کرنا ، ان کے اتحاد و اتفاق کو پارہ پارہ کرنا ہے ۔ مخصوص عناصر فرقہ وارانہ ، مسلکی اور جماعتی نظریات کا مشن چلا کر امت کو کمزور کر رہے ہیں ۔ دوسری جانب مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف میں امام و خطیب شیخ عبدالباری الثبیتی نے جمعہ کا خطبہ دےتے ہوئے کہا کہ گناہوں سے نجات کا تعلق اللہ تعالیٰ کی تابعداری والے مخصوص موسموں تک منحصر نہیں ہے ۔ اللہ تعالیٰ چاہتا ہے کہ اس کے بندے گناہوں کی آلودگی سے صفائی کا اہتمام ہمیشہ کرتے رہیں ۔ اللہ تعالیٰ کی رحمت اور اس کے فضل و کرم کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے ۔ 
 

شیئر: