سعودی عرب کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 36 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد مملکت میں کووڈ 19 کے مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 20 ہزار 144 تک پہنچ گئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 42 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ یوں اب تک اس مہلک وبائی مرض سے 2 ہزار 59 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے 8 جولائی کو کی گئی یومیہ پریس کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ ریاض میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 288 رہی جبکہ دوسرا نمبر جدہ کا رہا جہاں 243 افراد کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا۔
مزید پڑھیں
-
کورونا کے 75 فیصد تک مریض مصنوعی تنفس کے سہارے
Node ID: 490751 -
طائف میں کورونا کے انسداد کے لیے 4 جہتوں میں کام جاری
Node ID: 490851
طائف میں 178 مریض سامنے آئے جبکہ الھفوف میں 171، مکہ 142، خمیس مشیط 141، دمام 133، المبرز 122،ِ مدینہ 117، ابھا 89، عسیر 76، حائل اور نجران میں 66، 66 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔
جاری اعداد وشمار کے مطابق قطیف میں مریضوں کی تعداد 65 رہی جبکہ بقیق میں 57 ، ظھران 47 ، حفر الباطن اور وادی الدواسر میں 46 ، 46 ، صفوی 43 ، ینبع 42 ، شرورہ 38 ، عنیزہ اور احد رفیدہ میں 35 ، 35 افراد میں کووڈ 19 پازیٹو آیا ہے۔
سعودی عرب کے 6 شہروں میں ایک ایک مریض کی تصدیق ہوئی جبکہ 18 شہرو ں میں مریضوں کی تعداد 2 ، دو رہی اور 17 شہروں میں 3 ، تین افراد میں کورونا وائرس پایا گیا۔ جبکہ دیگر شہروں میں مریضوں کی تعداد مختلف رہی ۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 3 ہزار 211 افراد صحتیاب ہوئے جس کے ساتھ اس مہلک مرض کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 58 ہزار 50 تک پہنچ چکی ہے۔
اس وقت مملکت کے مختلف شہروں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 60 ہزار 35 ہے جن کی حالت تسلی بخش ہے اور انہیں مقررہ ضوابط کے تحت کورنٹائن کیا گیا ہے جبکہ 2 ہزار 263 مریضوں کی حالت نازک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جب تک کورونا کی وبا ختم نہیں ہو جاتی یا جب تک اس مہلک وبائی مرض کے لیے سو فیصد کامیاب دوائی ایجاد نہیں کر لی جاتی ہر ایک کو مقررہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہونگی کیونکہ سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے ہی اس مہلک وائرس پر قابوپایا جاسکتا ہے جو تیزی سے انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔
وزارت صحت کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاو کےلیے لازمی ہے کہ ہاتھوں کو مسلسل دھوتے رہیں جب بھی گھر سے باہر جائیں سینیٹائزر کی چھوٹی بوتل اپنے ہمراہ رکھیں ، حاضری رجسٹر پر دستخط کرتے وقت اپنا ذاتی قلم استعمال کریں علاوہ ازیں مقررہ ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کریں۔