طائف میں 20 گھڑ سوار کرتب دکھائیں گے
’محتاط واپسی کے عنوان سے منعقد ہونے والے شو میں سعودی نوجوان کرتب دکھائیں گے‘ ( فوٹو: واس)
طائف میں آج ہفتہ کو 20 گھڑ سوار کرتب دکھائیں گے۔ کمشنری میں گرما کے پروگراموں کا آغاز کرتے ہوئے گھڑ سواری کے مرکز اور میونسپلٹی کے تعاون سے منفرد شو منعقد ہوگا۔

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق الردف قومی پارک میں منعقد ہونے والے شو کا عنوان ’محتاط واپسی‘ رکھا گیا ہے جس میں عربی گھوڑوں پر سوار سعودی نوجوان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
مختلف کرتب دکھانے والے گھڑ سواروں کے شو کا مقصد علاقے میں سیاحت کو فروغ دینا اور معمولات زندگی میں محتاط واپسی کو اجاگر کرنا ہے۔

گھڑ سوار کرتب بازی کے دوران گھوڑے پر سوار ہوتے ہوئے زمین سے رومال اٹھانے اور گھوڑے کو لٹانے کے علاوہ مختلف قسم کے شو پیش کریں گے۔
مغرب کے بعد گھڑ سوار صحت اور عسکری شعبوں سے وابستہ افراد کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ریلی نکالیں گے۔