تفتیشی ٹیموں نے ہائپر مارکیٹس اور دکانوں پر چھاپے مارے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں وزارت تجارت کی ٹیموں نے تجارتی قوانین کی 19 ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔
وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمان الحسین نے بتایا ہے کہ وزارت کی فیلڈ تفتیشی ٹیموں نے اشیائے صرف کے نرخوں کی نگرانی اور قوانین تجارت کی خلاف ورزیاں پکڑنے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں۔ ٹیموں نے سعودی عرب بھر میں 19460 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الحسین نے بتایا کہ تفتیشی ٹیموں نے ہائپر مارکیٹس، تھوک و ریٹیل کی دکانوں، آسائشی اشیا فروخت کرنے والے مراکز، ادویہ، طبی لوازمات کے مراکز اور تعمیراتی سامان فروخت کرنے والے اداروں پر چھاپے مارے۔
وزارتوں کی مشترکہ ٹیموں نے تفتیشی عمل تیز کر دیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
یاد رہے کہ جوں جوں ملک بھر میں حالات معمول پر آنے والی تاریخ قریب آرہی ہے۔ تجارت، بلدیات و دیہی امور، صحت اور داخلہ کی وزارتوں نے تفتیشی عمل تیز کر دیا ہے۔
تمام سرکاری ادارے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ذرائع ابلاغ اور تفتیشی اقدامات کے ذریعے مسلسل یہ پیغام دے رہے ہیں کہ تمام لوگوں کو کورونا کی وبا سے نجات حاصل کرنے اور مستقل بنیادوں پر اس سے تحفظ حاصل کرنے کے لیے مقررہ قوانین و ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔
حالات معمول پر آنے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہوگا کہ سب لوگ احتیاطی تدابیر نظر انداز کر دیں اور وہ تمام سرگرمیاں اسی انداز سے انجام دینے لگیں جیسا کہ کورونا کا بحران شروع ہونے سے پہلے انجام دے رہے تھے۔