Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025
منگل ، 10 جون ، 2025 | Tuesday , June   10, 2025

قطر ایئرویز کا پائلٹس کی برطرفی اور تنخواہوں میں کمی کا فیصلہ

پائلٹس کی تنخواہوں میں 15 سے 25 فیصد تک کمی کی جائے گی (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے باعث قطر ایئرویز کچھ پائلٹس کو ملازمتوں سے برطرف جبکہ باقیوں کی تنخواہوں میں ایک چوتھائی تک کمی کرے گی۔
روئٹرز کے مطابق اس معاملے کا علم رکھنے والے دو ذرائع نے بتایا ہے کہ برطرفی سے بچ جانے والے پائلٹس کی تنخواہوں میں 15 سے 25 فیصد تک کمی کی جائے گی۔
ایئرلائن کے ترجمان نے اس حوالے سے کسی بھی طرح کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
بلومبرگ نے ایئرلائن کے ایک اندرونی خط کا حوالہ دیتے ہوئے پائلٹس کی ملازمتوں سے برطرفی اور تنخواہوں میں کمی کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق ایئرلائن کے خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ قطری شہریوں کو تنخواہوں میں کٹوتی سے استشنیٰ حاصل ہوگا۔
قطر ایئرویز نے اپنے بیشتر ملازمین کو پہلے ہی تنخواہوں کی ادائیگی بند کر رکھی ہے جبکہ کچھ ملازمین کو اپریل سے جون تک کی آدھی تنخواہوں کی ادائیگی بعد میں کی جانی ہے۔  

قطر ایئرویز نے حال ہی میں اپنے 20 فیصد ملازمین برطرف کرنے کا اعلان کیا تھا (فوٹو: روئٹرز)

قطر ایئر ویز گروپ جو کہ قطر ایئرلائن کے ساتھ ساتھ حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دوحہ میں ہوابازی سے متعلقہ دیگر اثاثہ جات کا مالک ہے نے حال ہی میں کہا تھا کہ کمپنی کے کل 40 ہزار میں سے 20 فیصد ملازمین کو برطرف کر دیا جائے گا۔
تاہم کمپنی کی جانب سے بعد میں کہا گیا تھا کہ 20 فیصد سے کم ملازمین کو برطرف کیا جائے گا۔

شیئر: