دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے مریضوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
گذشتہ ہفتے لاطینی امریکہ میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے کیسز امریکہ اور یورپ سے زیادہ رپورٹ ہوئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کیسز کی اتنی بڑی تعداد وائرس کے پھیلاؤ میں ایک نئے مرحلے کی نشاندہی کر رہی ہے۔
چین میں فروری میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا تھا جس کے بعد یورپ اور امریکہ میں بھی کورونا وائرس بڑے پیمانے پر پھیلا۔
مزید پڑھیں
-
’چین کی ویکسین پوری دنیا کے لیے ہوگی‘Node ID: 479726
-
ایسی دوا جو کورونا کے ’مکمل خاتمے میں مدد کر سکتی ہے‘Node ID: 479876
-
کورونا کے دوران رمضان کیسا گزرا، دنیا بھر سے تصاویرNode ID: 480211
سب سے زیادہ کیسز برازیل سے رپورٹ ہوئے ہیں، برازیل حال ہی میں جرمنی، فرانس اور برطانیہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے جہاں امریکہ اور روس کے بعد کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی امریکہ کے مطابق برازیل میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار 859 ہو چکی ہے جبکہ ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 91 ہزار 579 تک پہنچ گئی ہے۔
کیسز میں اضافے کے باوجود دنیا کے کئی ممالک نے نہ صرف سکول کھولے ہیں بلکہ کاروبار بھی کھول دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں ایک لاکھ چھ ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔
روئٹرز کے مطابق وبا کے پھوٹنے کے بعد یہ ایک دن میں کورونا وائرس کے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے ٹیڈروس ایڈہنوم نے کہا ہے کہ 'ہمیں کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں بڑھتے ہوئے کیسز پر بہت تشویش ہے۔'
اگر عالمی سطح پر اعداد و شمار پر نظر ڈالنے سے معلوم ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 3 لاکھ 28 ہزار 120 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ سب سے بڑے ملک امریکہ میں اب تک 93 ہزار 439 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 15 لاکھ 51 ہزار 853 ہے۔
اٹلی میں 32 ہزار 330 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ملک میں مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 27 ہزار 364 ہے۔

اسی طرح فرانس بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے بڑے ممالک میں شامل ہے جہاں اب تک 28 ہزار سے زائد افراد کورونا کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ ملک میں وائرس کے کل مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 81 ہزار 700 ہے۔
یورپ کے ایک اور ملک سپین میں بھی کورونا وائرس سے ہزاروں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔سپین میں اب تک 27 ہزار 888 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 32 ہزار 555 ہے۔
انڈیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار 359 ہو گئی
ممبئی سے اردو نیوز کی نامہ نگار شبانو علی کے مطابق انڈیا میں گذشتہ دو دنوں سے تازہ مثبت کیسز ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔ لگاتار دو روز تک 24 گھنٹوں میں پانچ ہزار سے زیادہ تازہ کووڈ-19 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔

مغربی ریاست مہاراشٹر میں لگاتار چوتھے روز دو ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے جبکہ دہلی میں بھی گذشتہ 24 گھنٹوں میں پانچ سو سے زیادہ نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
انڈیا کی وزارت صحت نے جو تازہ ریکارڈ جاری کیا ہے اس کے مطابق جمعرات کو پانچ ہزار 609 تازہ کیسز سامنے آئے ہیں اور کورونا میں مثبت کیسز کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار 359 ہو گئی ہے جس میں سے ایکٹو کیسز 63 ہزار 624 ہیں جبکہ 45 ہزار سے زیادہ افراد اس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل بدھ کے روز جب وزارت صحت نے اعداد و شمار جاری کیے تھے تو اس میں بھی 24 گھنٹوں کے دوران پانچ ہزار 600 نئے کیسز بتائے گئے تھے یعنی دو دنوں میں 11 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آئے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کی وجہ سے مزید 132 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور اب وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 435 ہو گئی ہے۔ ان میں سے ایک دن میں صرف مہاراشٹر میں 65 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو صرف مہاراشٹر میں ہی کورونا کے تقریباً 40 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اب تک تقریباً 1400 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
انڈیا کے اقتصادی دارالحکموت ممبئی کا حال اگر ملک میں سب سے خراب ہے تو سیاسی دارالحکومت دہلی بھی اس کے پیچھے پیچھے ہے۔ دہلی میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 534 تازہ کیسز سامنے آئے ہیں اور اب تک 11 ہزار سے زیادہ افراد اس وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔

جنوبی ریاست تامل ناڈو اب گجرات کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔
دریں اثنا انڈیا نے مقامی فلائٹس کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 25 تاریخ سے مختلف روٹس کے لیے تمام مقامی پروازیں شروع کی جا رہی ہیں لیکن اس کے ساتھ نئے قواعد و ضوابط بھی ہوں گے۔ اس کے چلانے کے رہنما اصول جلد ہی جاری کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ دو ماہ بعد یہ سروس شروع کی جا رہی ہے کیونکہ 25 مارچ کو ہی لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد ڈومیسٹک فلائٹس کو بند کر دیا گیا تھا۔
نئے رہنما اصول کے تحت یہ کہا جا رہا ہے کہ پرواز میں درمیانی سیٹس خالی رہیں گی لیکن وزیر شہری ہوابازی کے حوالے سے یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ درمیانی سیٹ خالی نہیں رکھی جائے گی۔
Domestic civil aviation operations will recommence in a calibrated manner from Monday 25th May 2020.
All airports & air carriers are being informed to be ready for operations from 25th May.
SOPs for passenger movement are also being separately issued by @MoCA_GoI.
— Hardeep Singh Puri (@HardeepSPuri) May 20, 2020