مدینہ کے محلوں میں 24 گھنٹے کرفیو ختم
’فیصلے پر نفاذ آج سے ہوگا، رہائشی سے صبح 9 سے شام 5 تک گھروں سے نکل سکتے ہیں‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
مدینہ کے بعض محلوں میں 24 گھنٹے کرفیو ختم کر دیا گیا ہے۔ ان محلوں کے رہائشی اب اجازت کے اوقات میں گھروں سے باہر نکل سکتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے متعلق صحت کمیٹی کی سفارش پر مدینہ منورہ کے محلوں الشریبات، بنی ظفر، الجمعہ، بنی خدرہ اور اسکان کے ایک حصے سے اضافی احتیاطی تدابیر ختم کی جارہی ہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’فیصلے کا نفاذ آج ہفتہ سے ہوگا، رہائشی اب اپنی ضرورت کی چیزیں لینے کے لیے گھروں سے باہر نکل سکتے ہیں‘۔
’صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک رہائشیوں کو نکلنے کی اجازت ہوگی نیز جن کاروباری مراکز کو کھولنے کی اجازت ہے وہ اپنی دکانیں کھول سکتے ہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’یہ فیصلے مفاد عامہ کے لیے کیا گیاہے جبکہ 24 گھنٹے کا فیصلہ بھی رہائشیوں کی بہتری اور وائرس کو محصور کرنے کے لیے کیا گیا تھا‘۔
’24 گھنٹے کرفیو ختم کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ خطرہ ٹل گیا ہے بلکہ رہائشیوں کواپنے طور پر احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنا ہوگا‘۔