اماراتی شہریوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں
24 اور 25 اپریل کو دو خصوصی پروازیں چلائی گئیں (فوٹو: عرب نیوز)
دبئی کی ایئر لائن ’ایئر عربیہ‘ نے پاکستان میں پھنسے اماراتی شہریوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایئر عربیہ نے شارجہ کے لیے لاہور اور ملتان سے 24 اور 25 اپریل کو دو پروازیں چلائیں۔ ان پروازوں کے ذریعے اماراتی شہریوں کو بغیر کسی خرچے کے واپس اپنے ملک پہنچایا گیا ہے۔
اماراتی ایئر لائن ایئر عربیہ کا ہیڈ آفس شارجہ میں واقع ہے۔
کورونا وائرس کے باعث عرب امارات کی پروازیں متاثر ہونے کے بعد سے ایئر عربیہ مسافر پروازوں کے ساتھ ساتھ سامان بردار طیارے بھی چلا رہی ہے۔
امارات کی وزارت صحت کے مطابق اتوار کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 536 کیس سامنے آئے تھے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق امارات میں وائرس سے پانچ مزید اموات ہوئی ہیں جس سے کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 76 تک پہنچ گئی ہے۔
کورونا وائرس کے متاثرین کا قبل از وقت پتا لگانے کے لیے ٹیسٹ کا دائرہ وسیع تر کر دیا گیا ہے جس کے تحت مزید 35 ہزار سے زیادہ افراد کا ٹیسٹ کیا گیا۔