یکساں کرفیو پاس کا نفاذ آج سے، خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا
’جن شعبوں کے ملازمین کو کرفیو میں آمد و رفت کی اجازت ہے انہیں بھی کرفیو پاس رکھنا ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ امن عامہ نے کہا ہے کہ آج منگل سے یکساں کرفیو پاس پر عملدر آمد شروع ہوگا۔
کرفیو کے دوران آمد ورفت کے لیے استعمال ہونے والے سابقہ تمام پاس منسوخ تصور کیے جائیں گے، صرف یکساں سینٹرلائز پاسز ہی کار آمد ہوں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’یکساں سینٹرلائز پاسز صرف ان افراد کو فراہم ہوں گے جو ان شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں کرفیو کے دوران آمد ورفت کی اجازت ہے‘۔
امن عامہ نے کہا ہے کہ ’وزارت داخلہ نے نئے یکساں سینٹرلائز کرفیو پاس جاری کروانے کے لیے مختلف شعبوں کو کافی مہلت دی تھی جس کے بعد آج اسے نافذ کرنے کا فیصلہ ہوا ہے‘۔
امن عامہ نے کہا ہے کہ ’تمام سیکیورٹی اہلکاروں کو واضح ہدایت کی گئی ہے کہ جس کے پاس سینٹرلائز کرفیو پاس نہ ہو اسے فوری طور پر 10 ہزار ریال کا جرمانہ کیا جائے گوکہ اس کا تعلق ایسے شعبے سے ہو جسے کرفیو میں آمد و رفت کی اجازت ہے‘۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں یکساں پاسزکا اجرا وزارت داخلہ کی منظوری سے کیاجائے گا۔ یکساں پاسز کا مقصد معاملات کو منظم کرنا ہے تاکہ جاری ہونے والے کرفیو پاسز کے اعداد و شمار ادارے کے پاس موجود ہوں۔
دیگر ممالک کے طرح سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کے باعث پورے ملک میں کرفیو نافذ ہے جبکہ جدہ سمیت ملک کے 9 شہروں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔
کرفیو کے دوران بنیادی ضرورت کی اشیا فراہم کرنے والے اداروں کے ملازمین کو سفر کرنے کی اجازت دی گئی ہے تاہم اب نئے فیصلے کے بعد انہیں بھی سینٹرالائز کرفیو پاس رکھنا ہوگا۔