Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 13 جولائی ، 2025 | Sunday , July   13, 2025
اتوار ، 13 جولائی ، 2025 | Sunday , July   13, 2025

امریکہ، انڈونیشیا سے 633 افراد کی واپسی

سعودی شہری دیگر ممالک سے خصوصی پروازوں کے ذریعے مملکت واپس آنا شروع ہو گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے فلائٹس آپریشن بند کردیا گیا تھا جس کے سبب بہت سے ممالک سے سعودی شہریوں کووطن واپس آنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔
واشنگٹن سے 220 مسافر جدہ پہنچے ہیں جب کہ نیویارک سے ریاض آنے والوں کی تعداد 155 ہے۔ انڈونیشیا کے شہر جکارتہ سے ایک فلائٹ 258 مسافروں کو لے کر جدہ پہنچی ہے۔

مسافروں کو گیسٹ ہاوس پہنچانے کے لیے وزارت تعلیم کی بسیں ہیں(فوٹو سعودی گزٹ)

کورونا وائرس کے پھیلاو کے بعد سے بیرون ملک پھنس جانے والے تمام سعودی شہریوں کی بحفاظت مملکت واپسی کے لیے یہ فلائٹ آپریشن یقینی بنایا گیا ہے۔
وزارت خارجہ، سیاحت، صحت اور شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی کے عہدیداروں نے ریاض اور جدہ کے ائیرپورٹس پر مسافروں کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ فضائی مسافروں کو تین مراحل میں 12 احتیاطی چیک اپ سے گزرنا پڑتا ہے۔ پہلی مرتبہ طیارے میں سوار ہونے سے قبل کورونا وائرس سے بچاو کے تمام حفاظتی اقدامات کئے جاتے ہیں، دوسری مرتبہ جہاز میں بیٹھنے کے بعد بھی مسافروں کا چیک اپ کیا جاتا ہے۔

فضائی مسافروں کو تین مراحل میں 12 احتیاطی چیک اپ سے گزرنا پڑتا ہے(فوٹو سعودی گزٹ)

تیسرے مرحلے میں جہاز سے اترنے کے بعد وزارت صحت نے ائیرپورٹ پر چیک پوائنٹ قائم کررکھا ہے جہاں تھرمل کیمروں سے مسافر کو گزرنا پڑتا ہے۔
کسی مسافر میں کورونا کی علامات کے شک کی صورت میں اسے محفوظ راستے سے قرنطینہ پہنچا دیا جاتا ہے۔
مسافروں کو پاسپورٹ اور کسٹمز کنٹرول ایریا میں بھی اپنے ہاتھ سینیٹائزر سے صاف کرنا ضروری ہیں جہاں ہر مسافر اور پاسپورٹ آفیسر کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہے۔

واپسی کے لیے تین بڑے ہوائی اڈوں پر خصوصی انتظامات ہیں(فوٹو عرب نیوز)

ان مسافروں کو  وزارت سیاحت کی جانب سے قائم کئے گئے گیسٹ ہاوس میں 14 دن کے لیے الگ تھلگ قیام کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ یہاں پر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صحت اصول بروئے کار لائے گئے ہیں۔
واپس آنے والے مسافروں کی سہولت کے لیے سعودی عرب میں گیارہ ہزار سے زیادہ ایسے کمرے وزارت صحت کی نگرانی میں مختص کئے گئے ہیں۔
ان مقامات تک مسافروں کو پہنچانے کے لیے وزارت تعلیم کی بسیں مہیا کی گئی ہیں۔ یہ بسیں حفاظتی اقدامات اور دیگر خدمات سے آراستہ ہیں۔

گیسٹ ہاوس میں 14 دن کے لیے الگ تھلگ قیام کی سہولت ہے(فوٹو عرب نیوز)

سعودی وزارت خارجہ نے وطن واپس آنے کے خواہش مند شہریوں کو کہا ہے کہ مملکت واپسی کے لیے ویب سائٹ
http://www.mofa.gov.sa/es  پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔
دنیا کے مختلف ممالک سے سعودی شہریوں کی واپسی کے لیے مملکت کے تین بڑے ہوائی اڈوں پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ان میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ، جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ائیرپورٹ شامل ہیں۔

شیئر: