سبق ویب سائٹ کے مطابق ریاض ریجن میں مکتب العمل (لیبر آفس) کے ڈائریکٹر عبدالکریم العسیری نے بتایا کہ فارمیسیوں اور کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی مارکیٹوں کے تفتیشی دورے کرکے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر اور ضوابط پر عمل درآمدکے بارے میں اطمینان حاصل کیا گیا-
عبدالکریم العسیری نے کہا کہ تفتیشی دورے ریاض شہر کے تمام محلوں’ کمشنریوں اور تحصیلوں میں موجود تمام فارمیسیوں اور تجارتی اداروں میں کیے گئے-
لیبر آفس (مکتب عمل) کے ماتحت تفتیشی ادارے کےافسر بدر العتیبی نے بتایا کہ تمام نجی اداروں پر یہ پابندی لگائی گئی تھی کہ کسی بھی نجی ادارے میں اس کے کل کارکنان کے زیادہ سے زیادہ چالیس فیصد ملازم ہی دفاتر میں حاضری دیں -
تجارتی مراکز میں ٹرالی’ دروازوں کے ہینڈل’ اور شیلف پر سپرے کی پابندی کرائی جا رہی ہے-(فوٹو سوشل میڈیا)
یہ پابندی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنےکی غرض سے لگائی گئی ہے- تفتیشی ادارے کے انسپکٹرز ریاض ریجن کے تمام علاقوں میں اس پر سختی سے عمل درآمد کرا رہے ہیں-
بدر العتیبی نے مزید بتایا کہ انسپکٹرز اس بات پر بھی نظر رکھ رہے ہیں کہ نجی ادارے خصوصا تجارتی مراکزکورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ماسک’ ٹرالی’ دروازوں کے ہینڈل’ اور شیلف پر سپرے کی پابندی کررہے ہیں یا نہیں-