کرپشن میں ملوث جازان میونسپلٹی کے اہلکاروں کی مشروط رہائی
’ملزمان کو خرد برد کی جانے والی رقوم کی واپسی کے لیے ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔‘ ( فوٹو: مصراوی)
کرپشن میں ملوث جازان ریجن کی میونسپلٹی کے بعض اہلکاروں کو مشروط طور پر رہا کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جازان ریجن کے تفتیشی اداروں نے کہا ہے کہ ’جن اہلکاروں کو رہا کیا گیا ہے ان سے حاضری کی ضمانت لی گئی ہے۔‘
تفتیشی اداروں نے کہا ہے کہ ’کرپشن میں خرد برد کی جانے والی رقوم کی واپسی کے لیے انہیں مہلت دی گئ ہے۔‘
اداروں نے کہا ہے کہ ’ملزمان کو کم و بیش 30 لاکھ ریال میں خرد برد کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا مگر بعد میں تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان نے اس سے کئی گنا زیادہ رقم میں خرد برد کی ہے۔‘
واضح رہے کہ پبلک پراسیکیوٹر کی ہدایت پر جازان ریجن کی ایک کمشنری کی میونسپلٹی کے سربراہ اور اعلیٰ عہدوں پر فائز متعدد افراد کے علاوہ کئی ٹھیکیداروں کو جعلی منصوبے، سرکاری املاک میں تصرف اور مالی رقوم میں ہیر پھیر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔‘