پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ( فوٹو: سبق)
ینبع میں نامعلوم افراد متعدد گاڑیوں کو آگ لگا کر فرار ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ینبع پولیس نے کہا ہے کہ ’رات کے وقت پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں کو آگ لگانے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘
پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ ’محکمہ شہری دفاع کو اطلاع دی گئی کہ ایک عمارت کے قریب کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی ہے۔ اس پر آگ بجھانے والی متعدد ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا لیا۔‘
واقعہ کے پیچھے تخریب کاری کا عنصر موجود ہے، پولیس کو ملوث افراد کی تلاش ہے ( فوٹو: سبق)
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ واقعے کے پیچھے تخریب کاری کا عنصر موجود ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’ملوث افراد کو تلاش کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی ہے تاہم ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا۔‘