سعودی عرب میں کورونا کے نئے مریض، کل تعداد پانچ ہوگئی
سعودی عرب میں کورونا کے نئے مریض، کل تعداد پانچ ہوگئی
جمعرات 5 مارچ 2020 15:48
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’نئے مریضوں میں میاں بیوی بھی شامل ہیں‘۔ فوٹو: انادولو ایجنسی
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ آج جمعرات کو تین نئے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ایک مریض میں بدھ کو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق نئے مریض ایران سے آئے تھے۔ اس طرح ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’نئے مریضوں میں میاں بیوی شامل ہیں جو ایران سے براستہ کویت یہاں پہنچے تھے۔ سرحدی چوکی پر اہلکاروں سے ایران جانے کی بات چھپائی تھی‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’کورونا کا تیسرا مریض ایران سے براستہ بحرین اسی سواری میں سعودی عرب پہنچا تھا جس میں میاں بیوی تھے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’اس سے قبل بدھ کو ایک اور مریض کا انکشاف ہوا تھا، وہ بھی ایران سے آیا تھا‘۔
وزارت نے بتایا ہے کہ ’اس طرح مجموعی طور پر کورونا کے پانچ مریض ہیں۔ سب کو وائرس ایران جانے پر لگا ہے‘۔
کرونا کے شکار تمام مریضوں کو ایران جانے سے وائرس لگا ہے ( فوٹو: سبق)
وزارت نے کہا ہے کہ ’کورونا کے مریضوں کا انکشاف سرحدی چوکیوں پر سخت حفاظتی تدابیر کے باعث ممکن ہوا ہے‘۔
وزارت نے شہریوں اور غیر ملکیوں کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا کے تمام مریض ہسپتال میں بالکل الگ قرنطینہ میں ہیں جن کا علاج جاری ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے حامل افراد سے میل جول رکھنے والے تمام افراد کا معائنہ کیا جا رہا ہے جس کے نتائج سے عوام کو جلد آگاہ کیا جائے گا‘۔
وزارت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ ’جو شخص بھی وبا زدہ علاقوں میں گیا ہو اسے چاہیے کہ وزارت صحت کے فری ٹول نمبر پر رابطہ کر کے اطلاع دے‘۔