ایران، تھائی لینڈ میں پھنسے کویتی شہریوں کی واپسی
واپس آنے والے کویتی شہریوں پر کرونا کی علامات ظاہر نہیں ( فوٹو: ٹوئٹر)
ایران اور تھائی لینڈ میں محصور کویت کے شہریوں کو چھ طیاروں کے ذریعے وطن واپس لایا گیا ہے۔
کویتی خبر رساں ادارے (کونا) کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’وطن واپس آنے والے شہریوں پر گو کہ کرونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں تاہم انہیں احتیاطی طور پر قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے‘۔
وزارت صحت کے سکریٹری برائے صحت عامہ ڈاکٹر بثینہ المضف نے کہا ہے کہ ’پانچ طیاروں کے ذریعے تہران میں محصور کویتی شہریوں کو لایا گیا ہے جبکہ ایک طیارے کے ذریعے تھائی لینڈ سے شہریوں کی واپسی ہوئی ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’کویت میں اب تک کرونا کے شکار مریضوں کی تعداد 46 ہوگئی ہے۔ ان میں سے بیشتر وہ ہیں جو ایران سے آئے ہیں۔‘
ڈاکٹر بثینہ نے کہا ہے کہ ’تمام مریضوں کا عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کی روشنی میں علاج جاری ہے۔ سب کی حالت قابو میں ہے۔ کوئی خطرے کی بات نہیں۔‘