گورنر ریاض نے معمر خاتون کے لیے خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا (فوٹو: سبق)
گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز نے80 سالہ خاتون کے سر کو بوسہ دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے سبز پرچم بلند کیا اور یہ لازم ہے کہ اپنا سر بھی بلند رکھیں۔‘
سبق ویب سائٹ کے مطابق الافلاج کمشنری سے تعلق رکھنے والی معمر خاتون کے لیے گورنر ریاض نے خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے احتراماً خاتون کے سر کو بوسہ دیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ وطن کا پرچم بلند رکھیں گی (فوٹو: سبق)
اس موقع پر ایوان شاہی کے مشیر اور علما کمیٹی کے رکن ڈاکٹر عبداللہ المطلق نے بھی معمر خاتون کے سر کو احتراماً بوسہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے برسوں سے نوجوانوں میں حب الوطنی اور سعودی عرب کی قیادت کے ساتھ وفاداری کے جذبات پروان چڑھائے ہیں جو ہم سب کے لیے قابل قدر ہیں۔
خاتون اپنے اعزاز میں گورنر اور علما کمیٹی کے رکن کے الفاظ سننے کے بعد آبدیدہ ہو گئیں اور کہا کہ ’ میں نے قسم کھائی ہے کہ ہمیشہ اپنے وطن کا علم بلند رکھوں گی چاہے اس کے لیے مجھے کتنی ہی مشکلات سے کیوں نہ گزرنا پڑے‘۔
خاتون نے مزید کہا کہ ’ وطن سے محبت کے جذبات کا اظہار اور نوجوانوں میں ان کی ترویج میں کسی کے دباﺅ یا کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ دل سے اپنے وطن اور ملک کی قیادت سے اظہار وفا کے طور پر کرتی ہوں‘۔