پاکستان میں الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے اثاثوں اور اخراجات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف 22 کروڑ 53 لاکھ روپے کے اثاثوں کے ساتھ ملک کی امیر ترین سیاسی جماعت ہے۔
تحریک انصاف کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق گذشتہ ایک سال میں پارٹی کے اثاثوں کی مالیت میں نو کروڑ روپے کی کمی آئی ہے۔
مزید پڑھیں
-
’ان ہاؤس تبدیلی سے سانپ سیڑھی کا کھیل جاری رہے گا‘Node ID: 454216
-
’انقلاب کیسے آئے گا؟ بتائیں نا انکل؟‘Node ID: 456951
-
اسمبلی میں جواب، وزیراعظم کا وعدہ کب پورا کریں گے؟Node ID: 457741
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اثاثوں کی مالیت سے زیادہ اخراجات ہوئے ہیں۔ رواں سال حکمران جماعت نے ایک کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات بتائے ہیں۔
پی ٹی آئی نے رواں سال پارٹی فنڈ کی مد میں 47 کروڑ 14 لاکھ روپے جمع کیے۔ جس میں سے امریکہ سے چھ کروڑ پچاس لاکھ ، برطانیہ سے چار کروڑ پانچ لاکھ، آسٹریلیا سے 22 لاکھ 15 ہزار، جبکہ کینیڈا سے نو لاکھ 47 ہزار روپے فنڈز جمع کیے گئے۔
پارٹی چیئرمین عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں بیان حلفی جمع کروایا گیا ہے کہ پارٹی نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈز حاصل نہیں کیے۔
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیزینز کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق ان کے پاس 16 کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے جبکہ پارٹی کے اثاثوں کی مالیت 70 لاکھ 16 ہزار روپے ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیزینز کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کے فنڈز موصول ہوئے جبکہ دو کروڑ سے زائد کے اخراجات کیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ ن نے بھی آمدن سے زائد اخراجات کیے۔ مسلم لیگ ن نے ایک کروڑ 55 لاکھ روپے فنڈز اکٹھے کیے جبکہ 20 کروڑ روپے کے اخراجات کیے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے اثاثوں کی کل مالیت آٹھ کروڑ 17 لاکھ روپے ہے۔
ایم کیو ایم کے پاس چار کروڑ 19 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں۔ ایم کیو ایم نے چندے کی مد میں چار کروڑ 79 لاکھ روپے اکٹھے کیے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے پاس 90 لاکھ 18 ہزار روپے جبکہ مسلم لیگ ق کے پاس چار کروڑ 99 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ اور بلوچستان عوامی پارٹی غریب ترین سیاسی جماعتوں میں شامل ہیں۔
