ریستورانوں میں فیملی گیٹ کی منسوخی مالکان کا اختیار
ریستورانوں میں فیملی گیٹ کی منسوخی مالکان کا اختیار
جمعہ 7 فروری 2020 17:59
فیصلے کی منسوخی پر عمل درآمد لازمی نہیں بلکہ اختیاری ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
مکہ میونسپلٹی کے مطابق ریستورانوں اور قہوہ خانوں میں فیملی سیکشن گیٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ مالکان کی صوابدید پر منحصر ہے۔ ریستوران یا قہوہ خانے کا مالک فیملی سیکشن گیٹ ختم کرنا چاہے تو کر سکتا ہے اور نہ کرے تو اس سے کوئی باز پرس نہیں ہوگی۔
حکام نے بتایا ہے کہ فیملی سیکشن گیٹ ختم کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد لازمی نہیں بلکہ اختیاری ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی کے ترجمان رائد سمر قند نے بتایا کہ ’ریستورانوں اور قہوہ خانوں کے مالکان پر یہ پابندی نہیں لگائی گئی کہ وہ فیملی سیکشن گیٹ ختم کر دیں۔‘
گذشتہ برس فیملی سیکشن گیٹ قائم کرنے کی پابندی منسوخ کر دی گئی تھی (فوٹو: سوشل میڈیا)
میونسپلٹی ترجمان نے مزید بتایا کہ ’فیملی سیکشن گیٹ ختم کرنے کا ریستوران اور قہوہ خانے کے مالک کو اختیار ہے۔ کسی پر اس حوالے سے کوئی پابندی نہیں ہے۔‘
یاد رہے کہ وزیر بلدیات و دیہی امور ڈاکٹر ماجد القصبی نے دسمبر 2019 میں 103 نئے قواعد و ضوابط جاری کیے تھے۔
سب سے اہم ضابطے کا تعلق ریستورانوں اور قہوہ خانوں سے تھا جس کے تحت فیملی سیکشن اور بیچلرز کے لیے الگ الگ گیٹ قائم کرنے کی پابندی ختم کر دی گئی تھی۔