برطانوی وزیر تجارت نے کہا ہے کہ امریکہ میں برطانوی سفیر کی لیک ہونے والی ای میلز جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو ’نااہل‘ اور ’ناکارہ‘ کہا گیا تھا، امریکہ اور برطانیہ کے تعلقات کو خراب کر سکتی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیر تجارت لائم فوکس ان دنوں واشنگٹن کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ سے ملاقات کے دوران اس معاملے پر معذرت کریں گے۔
انہوں نے بی بی سی ریڈیو کو بتایا ’میں ان سے معافی مانگوں گا کہ ہمارے سول ادارے یا سیاسی عناصر ان توقعات پر پورا نہیں اترے جو ہم اور امریکہ ان کے رویے کے حوالے سے لگائے بیٹھے تھے۔ اس قسم کی لیک ہونے والی ای میلز غیر ذمہ دارانہ، غیر اخلاقی اور حب الوطنی سے عاری ہیں اور درحقیقت یہ تعلقات خراب کرنے کا سبب بنتی ہیں جس سے ہمارے وسیع سکیورٹی مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘
کم ڈراک کی ای میلز کی تفصیلات اتوار کو شائع ہونے ایک اخبار میں دی گئیں تھیں، جس کے بعد سے برطانوی حکومت پر دباؤ تھا کہ وہ ای میلز افشا کرنے والے کا پتا لگائے۔
واضح رہے کہ واشنگٹن میں برطاوی سفیر کی افشا ہونے والی ای میلز کی تحقیقات جاری ہیں۔ برطانوی سفیر کم ڈارک نے مراسلے میں کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں وائٹ ہاؤس ’ناکارہ‘ ہے۔