انڈیا کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں انڈین ایلیٹ کمانڈوز کے 16 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
مغربی ریاست مہاراشٹرمیں پولیس ہیڈکوارٹر کے ایک اہلکار نے خبرساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو حملے میں 16 سیکیورٹی اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’ماؤنواز باغیوں نے یہ حملہ کمانڈوز کی ٹیم پر کیا جو ایک پرائیویٹ گاڑی میں چند روز پہلے ہونے والے حملے کی تحقیقات کے لیے جارہے تھی۔‘
پولیس کے مطابق سیکورٹی فورسز کی مزید ٹیمیں صورتحال پر قابو پانے کے لیے جائے وقوعہ پر بھیج دی گئی ہیں۔
ماؤ نواز کئی دہائیوں سے انڈین ریاست کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ غریب لوگوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
ماؤ نواز باغیوں نے انڈین سیکورٹی فورسز کو ٹھیک اسی جگہ پر نشانہ بنایا ہے جہاں گزشتہ برس انڈین سیکورٹی فورسز نے 37 ماؤ نواز باغیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
ماؤ نواز باغیوں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ان کی انڈیا کی 20 ریاستوں میں موجودگی ہے، لیکن وہ سب سے زیادہ مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، بہار، اوڈیسا اور جھاڑ کھنڈ میں سرگرم ہیں۔
خیال رہے کہ انڈیا میں جاری عام انتخابات 19 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے۔ ماؤ نواز باغیوں نے چند روز پہلے بھی انڈین ریاست چھتیش گڑھ میں انڈین سیکورٹی فورسز پر حملہ کرکے کم از کم پانچ اہکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔