امریکہ کی اوریگان یونیورسٹی کے دو طالب علموں پر امریکی کمپنی ایپل کو دھوکہ دے کر تقریبا دس لاکھ ڈالر بٹورنے کا الزام ہے۔
ان طالب علموں کا تعلق چین سے ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
اسکائی نیوز کے مطابق ژاﺅ ینگ ینگ اور جیانگ کونگ نے موبائل بنانے والی کمپنی ایپل کو 1500جعلی آئی فون یہ کہہ کر بھیجے کہ ان میں تکنیکی خرابی ہے اور انھیں ان کی جگہ صحیح آئی فون بھیجے جائیں۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق ایپل کمپنی نے امریکی یونیورسٹی کے دونوں طلبا پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کردیا ہے۔ دونوں کو قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
اس بات کا امکان ہے کہ الزام ثابت ہونے پر ژاﺅ ینگ ینگ کو5 برس قید ہو سکتی ہے اور 10ہزار ڈالر کا جرمانہ بھی ادا کرنا پڑے گا۔
دوسرے طالب علم جیانگ کونگ کو 30برس تک کی قید اور 20لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ ان پر جعلی سامان کے کاروبار اور دھوکہ دہی کا الزام ہے۔
ہوم لینڈ سکیورٹی ایجنٹ تھامس ڈفی کے بیان کے مطابق جیانگ کونگ کے گھر سے مزید تلاشی کے دوران 300 جعلی ا?لات ملے ہیں۔
یہ طالب علم امریکی کمپنی کو دھوکہ دینے کے لیے جعلی گارنٹی کے دستاویزات اور موبائل استعمال کررہے تھے۔
موبائل بنانے والی امریکی کمپنی نے کئی بار دونوں کے عزائم کے بارے میں شبہ ظاہر ہونے پر جعلی آئی فون کی جگہ اصلی آئی فون دینے کی درخواستیں مسترد کردی تھیں۔ ان درخواستوں کی تعداد 3069 ہے جس میں 1493 درخواستوں پر کام ہوچکا ہے اور باقی درخواستوں کو مسترد کیا گیا تھا۔