ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان کی پارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں دارالحکومت انقرہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق اس وقت حکمران جماعت انطالیہ اور ازمیر میں بھی پیچھے ہے جبکہ برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق استنبول میں بھی اپوزیشن کو برتری حاصل ہے۔
صدر اردوگان نے انقرہ میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ضرورت پڑنے پر ان کی پارٹی انتخابی نتائج کے خلاف اعتراضات ریکارڈ کرائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ وزارتوں اور سرکاری اداروں کو زیادہ موثر بنانے کے لیے ضروری اقدامات بھی کریں گے۔
رپبلکین پیپلز پارٹی کے سربراہ کمال کلیچ داراوغلو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’بڑے شہروں میں ہمارے امیدوار کامیاب ہوچکے ہیں جبکہ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ازمیر، استنبول اور دیگر شہروں میں حکمران جماعت کے امیدواروں کے مقابلے میں آگے ہیں۔‘
اس سے قبل استنبول بلدیہ کے چیئرمین کے عہدے کے حکمران جماعت کے امیدوار نے اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابات جیت گئے ہیں تاہم ان کے حریف اپوزیشن امیدوار نے اس کے جواب میں کہا تھا کہ اس وقت جب ووٹوں کی گنتی چل رہی ہے توکامیابی کا اعلان قبل از وقت ہوگا۔
ترک ٹی وی چینلز کا کہناہے کہ98.8فیصد بیلٹ بکس کی گنتی ہوچکی ہے۔