جدہ۔۔۔۔ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملہ انسانیت سوز جرم اور اسلام دشمنی ہے۔ سیکریٹری جنرل یوسف العثیمین نے اعلامیہ جاری کرکے کہا کہ اس وحشیانہ جرم سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو صدمہ پہنچا ہے۔ سب کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ یہ نفرت ، تعصب اور اسلام فوبیا کے خطرات کیخلاف ایک اور انتباہ ہے۔ العثیمین نے مطالبہ کیا کہ حملہ آور کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ اس مجرمانہ حملے کی فوری تحقیقات کرائی جائے۔ نیوزی لینڈ کی حکومت اپنے یہاں آباد مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کرے۔ اسلامی تنظیم برائے تربیت و سائنس و ثقافت ایسسکو نے اعلامیہ جاری کرکے کہا کہ انسانیت سوز گھناﺅنا اور دہشتگردانہ عمل ہے۔ یہ اسلام سے نفرت کی گھناﺅنی علامت ہے۔ یہ انتہا پسندانہ عناصر کی کارستانی ہے۔ پوری دنیا اسکی مذمت کرے اور حملہ آوروں کو سزا دے۔ ایسسکو نے نیوزی لینڈ کے مسلمانوں کیساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔ رابطہ عالم اسلامی نے واضح کیا کہ یہ وحشیانہ حرکت ہے۔ یہ داعش اور القاعدہ جیسی خونی گھناﺅنی تنظیموں جیسا ایک عمل ہے۔ سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ یہ بزدلانہ اور غداری والا دہشتگردانہ عمل دیگر لوگوں کو بھی اس جیسی حرکتوں پر آمادہ کریگا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے سدباب کیلئے موثر قانون سازی اور نئی نسلوں میں انسانی و اخلاقی قدروں کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے زورد یکر کہا کہ آزادی کو منظم کرنے والے قوانین کا اجراءاشد ضروری ہے۔ سعودی عرب کے سربرآوردہ علماءبورڈ نے اسے وحشیانہ جرم قرار دیتے ہوئے پوری دنیا کے ممالک، تنظیموں اوراداروں سے اپیل کی کہ وہ نسلی بیانیئے کو قانونی طورپر جلد از جلد جرم قرار دیں کہ یہی انتہا پسندی اور دہشتگردی کو سیراب کررہا ہے او ریہی وحشیانہ دہشتگردی کے واقعات کا باعث بن رہا ہے۔ الازہر نے اسے سنگین نتائج کا حامل بتایا۔ شیخ الازہر ڈاکٹر احمد الطیب نے اپنے بیان میں کہا کہ متعدد یورپی ممالک میں اسلام فوبیا کا رواج اسکا ذمہ دار ہے۔ کئی ایسے یورپی ممالک بھی اسلام فوبیا کے بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں۔ جو پرامن بقائے باہم کے حوالے سے اچھی شہرت رکھتے تھے۔ یہ انتباہ کی گھنٹی ہے۔ نسلی افکار اور تنظیموں کیساتھ روا داری نہیں برتی جاسکتی۔کویت، سلطنت عمان، متحدہ عرب امارات اور اردن نے الگ الگ اعلامیے جاری کرکے نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ نیوزی لینڈ کو اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔