احمد نور
کراچی کی نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سب سے پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 26 فروری1955کو کھیلا گیا، جبکہ پہلا ایک روزہ میچ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 21نومبر1981 کو ہوا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اس اسٹیڈیم میں دنیا کی بڑی ٹیموں کے ساتھ سنسنی خیز ایک روزہ اور ٹیسٹ ٹاکرے ہوئے ہیں۔ اس اسٹیڈیم کو ’پاکستانی کرکٹ کا قلعہ‘ بھی کہا جاتا ہے، جہاں پاکستان نے اب تک کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچوں میں سے آدھے اسی اسٹیڈیم میں کھیلے ہیں اور ان میں سے صرف دو ٹیسٹ ہارے ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی 1955 میں تعمیر ہوا جس میں چالیس ہزار لوگوں کے لئے میچ دیکھنے کی گنجائش ہے۔ اس اسٹیڈیم کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہاں 1987 اور1996 میں کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز بھی کھیلے گئے۔











