پنجاب،کے پی کے اور سندھ اسمبلی میں قرارداد
کراچی /پشاور...سندھ،پنجاب اور خیبرپختونخوااسمبلی نے جارحیت کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی ۔ کے پی کے اسمبلی میں قراردادپی ٹی آئی کے رکن لیاقت علی نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ہندنے رات کی تاریکی میں آزادکشمیرپر بزدلانہ حملہ کیاہے۔ پاکستان کے شیر دل جوانوں نے جوابی کارروائی ۔کی پاکستان ایک پرامن ملک ہے جواپنے پڑوسیوں کےساتھ برادرانہ تعلقات کامتمنی ہے ۔اگر کسی پڑوسی یا بیرونی جارحیت کے نتیجے میں ملکی سالمیت اور خودمختاری خطرے میں پڑے تو اس کاجواب اچھی طرح دیناآتا ہے۔ہند کو واضح الفاظ میں یہ بتادیاجائے کہ اگر آئندہ اس نے ایسی حرکت کی تو پاکستان کی طرف سے دفاع کاحق رکھتے ہوئے اسے منہ توڑجواب دیا جائے گا۔سندھ اسمبلی میںبھی ہندوستانی جارحیت کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ تمام ارکان نے نشستوں پر کھڑے ہو کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ارکان اسمبلی نے پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ قرارداد کی حمایت کی۔ پیپلزپارٹی کی سعدیہ جاوید اور ایم کیوایم کی رکن منگلا شرما نے پیش کی۔ مشترکہ قرار داد میں کو خبردار کیاہے کہ وہ پاکستان سے جنگ لڑنے کا سوچے بھی نہیں۔ پاکستانی عوام اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ منہ توڑ جواب دے گی۔دریں اثناء تحریک انصاف نے ہند کی در اندازی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں 2مذمتی قراردادیں جمع کر ادیں ۔ رکن اسمبلی عبد العلیم خان کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ مودی سرکار اپنی انتخابی مہم کیلئے پاکستان کے خلاف ایڈونچر کرنا چاہتی ہے۔ہندوستانی فضائیہ کی در اندازی بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔ ہندوستانی کارروائیوں پر اسے دندان شکن جواب ملے گا ۔ رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کی طرف سے دوسری قرار داد میں کہا گیا کہ پنجاب کا یہ ایوان ہندوستانی طیاروں کی طرف سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شدید مذمت کرتا ہے ۔