اسلام آباد ... پاکستان نے پاکستانی سرزمین کی خود مختاری کی خلاف ورزی پر قائمقام ہندوستانی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق منگل کو قائم مقام ہائی کمشنر گوراو اہلووالیا کو وزارتِ خارجہ طلب کیا گیا ۔طلبی قائم مقام سیکرٹری خارجہ شاہ جمال نے کی۔ ترجمان کے مطابق رات2 بجکر 54منٹ پر 8 ہندوستانی طیاروں نے دراندازی کی کوشش کی۔ پاکستان ائیر فورس نے فوری ری ایکشن دیا اور ہندوستانی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کیا۔ ہندوستانی طیاروں نے بھاگتے ہوئے اپنا سامان دور دراز علاقے میں پھینک دیا۔ ترجمان نے کہا کہ بڑے پیمانے پر دہشتگردوں کے کیمپوں کو ٹارگٹ کرنے کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔ ہندوستانی دعویٰ صرف اندرونی لوگوں کو خوش کرنے کے لئے ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان دراندازی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ہندوستانی جارحانہ رویہ پورے خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے۔ قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ پاکستان اپنے وقت اور جگہ پر اس کا جواب دے گا۔ انہوں نے کہاکہ پلوامہ حملے کا پاکستان پر الزام لگانے کی کوشش بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔