Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

سعودی سرمایہ کاری کا سفر آگے بڑھ رہا ہے ،احسن اقبال

  اسلام آباد... مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ شہباز شریف کی رہائی مسلم لیگ ن کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرنے کہاکہ راجہ قمر الاسلام کے فیصلے میں ہائی کورٹ نے انتقامی کارروائی کا شبہ بھی ظاہر کیا تھا۔نیب نے جو کارروائی کی وہ ٹھوس ثبوت کے بغیر کی ۔ انہوںنے کہاکہ شہباز شریف کی رہائی کا عدالتی فیصلہ میرٹ اورانصاف کی فتح ہے ۔ حکومت کا شہباز شریف کی رہائی پر سیخ پا ہونا حیران کن ہے ۔ وزیر اطلاعات نے نیب کی ایسے ڈانٹ ڈپٹ کی جیسے وہ ان کے ماتحت ادارہ ہو۔انہوںنے کہاکہ ثابت ہو گیا حکومت نیب کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کے پاس کارکردگی دکھانے کے لئے کچھ نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت عوام کو کرداد کشی کے زریعے گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پی اے سی چیئرمین شپ پر حکومت نے بلاوجہ تنازعہ کھڑا کیا ۔یہ تنازعہ حکومت کے نابالغ ہونے کی نشانی ہے ۔ سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ پہلے حکومت 6 ماہ ڈٹی رہی۔پھر اپوزیشن کے موقف پر گھٹنے ٹیکنا پڑے ۔ سابق وزیرنے کہاکہ حکومت نے شیخ رشید کے چکر میں پی اے سی چیئرمین کو متنازعہ کرنے کی کوشش کی ۔ شہباز شریف کی رہائی کے بعد حکومت کو سمجھ نہیں آرہی۔ آگے ان کے سمندر اور پیچھے کھائی ہے ۔کیا وہ سمندر میں ڈپکی لیں یا کھائی میں گر کر ٹانگ تڑوائیں۔انہوںنے کہاکہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ نواز شریف کے دور میں بھی ولی عہد تشریف لائے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ولی عہد نے سی پیک میں سعودیہ عرب کی شمولیت پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ سعودیہ عرب کی نواز شریف سے اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا تھا ۔ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کا سفر آگے بڑھ رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ولی عہد کے دورے کے دوران کئی معاہدوں پر دستخط ہونگے ۔ ہمیں اپنے تمام دوست ممالک سے مضبوط اقتصادی تعلقات قائم کرنے ہیں ۔ سابق وزیرنے کہاکہ سعودیہ سے مضبوط اقتصادی تعلقات خطے کے لئے مفید ثابت ہونگے۔
 

شیئر: