Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
ہفتہ ، 26 جولائی ، 2025 | Saturday , July   26, 2025
ہفتہ ، 26 جولائی ، 2025 | Saturday , July   26, 2025

عرب نیوز اسلام آباد بیورو کا افتتاح

اسلام آباد ۔۔۔ پاکستانی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں عرب نیوز پاکستان بیورو کا سرکاری طور پر افتتاح کردیا۔ وہ اس تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔پاکستانی ذرائع ابلاغ کی کئی ممتاز شخصیات اور عرب نیوز کے عملے نے بھی شرکت کی۔عرب نیوز کے ایڈیٹر انچیف فیصل جے عباس جوسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کے سلسلے میںصحافیوں کے وفد کے ہمراہ پاکستان آئے ہوئے ہیںتقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر عرب نیوز کے ایشیا بیورو کے سربراہ بکر عطیانی بھی موجود تھے۔ فواد چوہدری نے فیتہ کاٹ کر دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ میں 2وجوہ کے باعث بیحد خوشی محسوس کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خیال یہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ اخبارات پاکستان سے شائع نہیں ہونگے لیکن جب عرب نیوز جیسا بین الاقوامی اخبار یہاں سے شائع ہوگا تو اس سے ہمیں بڑی تقویت ملے گی۔ نیا دفتر اخبارکے ایشیاآپریشن کیلئے ایک حب ثابت ہوگا اور اس کے نتیجے میں کمیونٹی کے ساتھ تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات تیزی سے مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں۔ خاص طور پر اس وقت جب مشرق وسطیٰ میں پاکستان کی آواز کو فروغ حاصل ہورہا ہے۔ دوسری بات یہ کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ وہ دور ہے جب پاکستان مشرق وسطیٰ میں ایک بہت اہم کردارادا کررہا ہے اور مشرق وسطیٰ کا اتنا بڑا اشاعتی ادارہ اب اپنا آپریشن پاکستان سے شروع کررہا ہے جس سے یہ بات ثابت ہو تی ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کےلئے اور خطے کے ممالک خود پاکستان کیلئے کتنی اہمیت کا حامل ہے۔ یہاں سے اتنے بڑے ادارے کا آپریشن شروع ہونا ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔
عرب نیوز کے ایڈیٹر انچیف فیصل جے عباس نے دفتر کے افتتاح اور پاکستانی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے اسلام آباد میں اخباری آپریشن شروع کرنے کی سہولتیں دینے پر انکی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مقامی ڈیجیٹل ایڈیشن شروع کرنے کے بعد ہمارے بیورو کے افتتاح سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ ہم پاکستان سے کتنے مخلص ہیں۔ اس سے اس عزم کا بھی اظہار ہوتا ہے کہ ہم سعودی عرب اور خطے کی بہتر مفاہمت کیلئے کتنی مدد کررہے ہیں۔عرب نیوز نے1975 ءمیں اپنے قیام کے بعد سے سعودی عرب میں رہائش پذیراتنی بڑی اور وفادار پاکستانی کمیونٹی کے سا تھ خصوصی تعلقات قائم کئے۔ آج ہم اسلام آباد میں اس بیورو کا افتتاح کررہے ہیں جس کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کے تعلقات مستقل قائم و دائم رہیں گے اور نئی ڈیجیٹل نسل کیساتھ تعلقات مضبوط کرینگے۔
ایشیا بیورو کے سربراہ بکر عطیانی نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ نیا آفس نہ صرف عرب نیوز پاکستان ایڈیشن بلکہ اخبار کے ایشیائی آپریشن کیلئے بھی ایک حب ثابت ہوگا۔ اس وقت پورے پاکستان اور 9دیگر ایشیائی ممالک میں ہمارے رپورٹرز موجود ہیں۔اسلام آبادبیورو میں ہماری ٹیم کی سخت محنت اور خلوص کے نتیجے میں ہمیں امید ہے کہ ہم نہ صرف اس آپریشن کو بہتر بنائیں گے بلکہ ایشیا میں بھی اس کو مزید فروغ دے سکیں گے۔ عرب نیوزنے پچھلے سال فروری میں آن لائن پاکستان ایڈیشنwww.arabnews.pk شروع کیا تھا۔ ہم نے یہ سلسلہ اپنے گلوبل ڈیجیٹل توسیعی منصوبے کے تحت شروع کیا۔
ریاض میں قائم عرب نیوز نے کئی نئے بین الاقوامی ایڈیشن شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اسلام آباد بیورو اس سلسلے کا پہلا منصوبہ ہے۔ عرب نیوز، سعودی ریسرچ اینڈ مارکیٹنگ گروپ کے بڑے پبلشنگ ادارے کا اخبار ہے۔

             

شیئر: