کراچی ...پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے علیم خان کیس میں وزیراعظم عمران خان کو شریک ملزم بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا کو پتا ہے کہ علیم خان وزیراعظم عمران خان کے خرچے اٹھاتے رہے ہیں۔بدھ کو علیم خان کی گرفتاری پر ردعمل میں چانڈیو نے کہا کہ علیم خان کرپشن کیس میں وزیراعظم عمران خان کو شامل تفتیش کیا جائے۔انہوںنے الزام لگایا کہ عمران خان کے کچن سے لے کر گاڑیوں، جہاز اور ہیلی کاپٹر کا خرچہ علیم خان دیتے رہے ہیں۔شوکت خانم، نمل اور تحریک انصاف کو بھی علیم خان کروڑوں روپے سالانہ چندہ دیتے ہیں۔اگر علیم خان پر کرپشن یا ناجائز اثاثوں کا الزام ہے تو عمران خان بھی اس زد میں آتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ عمران خان جس شخص کی دولت خرچ کرتے ہیں وہ اس کی کرپشن میں بھی برابر کے شریک سمجھے جائیں گے۔اگر ادارے آزاد ہیں تو پھر وزیراعظم کے اخراجات کا بھی فوری آڈٹ کراویا جائے۔گذشتہ چند سالوں کی آڈٹ سے ہی علیم خان کی کرپشن میں عمران خان کی حصے داری کھل کر سامنے آجائے گی۔اگر وزیراعظم کو شامل تفتیش نہیں کیا گیا تو کوئی اس احتساب کو نہیں مانے گا۔اخراجات پر دوسروں کے خلاف تحقیقات ہو سکتی ہیں تو وزیراعظم کے خلاف کیوں نہیں ہو سکتی۔کرپشن کے خلاف تحقیقات کرنے والے ادارے اب اس معاملے میں بھی ذرا سرگرمی دکھائیں۔