مسئلہ کشمیر حل کرنے کے قریب پہنچ گئے تھے،مشرف
دبئی... سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ ہند کشمیر کو تر نوالہ نہ سمجھے۔ منگل یوم یکجہتی کشمیر پر پرویز مشرف نے کشمیری عوام کے نام پیغام میں کہاکہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد ضائع نہیں ہو گی۔ وہ دن دور نہیں جب شہیدوں کا لہو رنگ لائے گا،ظلم کو فنا ہے۔ مشرف نے کہا کہ کشمیریوں کے خون کی ارزانی پر اقوام عالم اور اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہندکشمیر پر زیادہ عرصہ تک غاصبانہ قبضہ جاری نہیں رکھ سکتا۔کشمیری قوم اپنے خون سے آزادی کی تاریخ رقم کررہی ہے۔پرویز مشرف نے کہا کہ دل و جان سے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔خون کے آخری قطرے تک ان کے ساتھ ہیں۔ اپنے دور حکومت میں مسئلہ کشمیر کے حل کے قریب پہنچ چکے تھے۔ بدقسمتی سے حالات نے ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہندکشمیریوں کے جذبے اور قربانی کے آگے گھٹنے ٹیک دے گا۔