وزیر اعظم چاہیں تو سندھ حکومت گر جائے گی،فواد چوہدری
اسلام آباد... وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر عمران خان چاہیں تو سندھ حکومت گر جائے گی۔ ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ میرے سندھ جانے پر صوبائی حکومت پتہ نہیں کیوں گھبرا رہی ہے۔میں تو اپنی وزارت کے فرائض انجام دینے کراچی جاوں گا۔ ویسے بھی سندھ میں کچھ کرنا ہوگا تو مراد علی شاہ سے پوچھ کر نہیں کریں گے۔ مراد علی شاہ تو خود ہماری مہربانی سے وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز ہیں۔انہوںنے کہا کہ آصف زرداری کو وفاقی حکومت کی نہیں بلکہ سندھ حکومت کی فکر کرنی چاہئے کیوں کہ وہ کسی وقت بھی گر سکتی ہے۔ گرتی ہوئی دیوار کے نیچے کوئی نہیں آتا۔ سب جان بچا کربھاگتے ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ ہماری مہربانی ہے کہ (ق) لیگ، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی میں فارورڈ بلاک نہیں بنایا۔ اب سندھ میں ایک گرینڈ الائنس بنے گا ۔ پیپلزپارٹی کا فارورڈ بلاک، ایم کیوایم پاکستان، تحریک انصاف اور سندھ میں پہلے سے موجود گرینڈ الائنس مل جائیں گے تو پیپلزپارٹی اکثریت سے اقلیت میں بدل جائے گی۔سندھ میں نئی حکومت آئے گی۔انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری اورمسلم لیگ (ن) کے نواز شریف ملک میں اپنی آخری سیاسی اننگز کھیل چکے۔دونوں نے قومی اداروں کے ساتھ کھلواڑ کیا ۔کک بیکس اور کمیشن سے پیسہ کمایا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ عوام نے منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کے جارحانہ احتساب کی توقع وابستہ کی ہے۔ قومی دولت لوٹنے والے عناصر کا احتساب جاری رکھنا چاہتے ہیں۔