عمران خان کو بل گیٹس کا خط
اسلام آباد... وزیر اعظم عمران خان کو مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے خط لکھا ہے جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا گیا ۔ وزیراعظم سے منگل کو عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل اور صدر بل گیٹس فاونڈیشن نے ملاقات۔ وزیر صحت عامر کیانی،معاون برائے انسداد پولیو بابر عطا اور دیگر بھی شریک تھے۔ وزیراعظم کو بل گیٹس کا خط پیش کیا گیا جس میں کہا گیاکہ مائیکرو سافٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرسکتا ہے۔ بل گیٹس فاونڈیشن پاکستان میں پولیو و صحت عامہ کے شعبوں میں سرمایہ کاری جاری ر کھے گی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ حکومت نئے پاکستان کے لئے سماجی اور اقتصادی تبدیلی کے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لئے پرعزم ہے۔ پاکستان صحت کے نظام میں عالمی ادارہ صحت کے کردار کا معترف ہے۔ حکومت پولیو کے خاتمے کو قومی سطح پر عوامی صحت کی ہنگامی صورتحال کے طور پر نمٹنے کے لئے کام جاری رکھے گی۔