Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025

جب ہار ہی مقدر ہو تو کیا کرے کوئی

بولرز کی پٹائی سے ثابت ہوگیا کہ وکٹ کو الزام دینا صحیح نہیں،بیٹسمین ذمہ داری کا ثبوت دینے کے بجائے غلط اسٹروک کھیل کر آئوٹ ہوتے رہے
کراچی ( صلاح الدین حیدر) مقابلہ تو دل ناتواں نے خوب کیا لیکن جب ہار ہی مقدر ہو تو کیا کرے کوئی۔ 2 ٹیسٹ میچوں میں پہلی مرتبہ پاکستان 200 رنز کے اسکور تک پہنچا جس کے لئے ٹیم کو شان مسعود اور اسد شفیق کا شکر گزار ہونا چاہیے۔ دونوں نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ کے لئے 132 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ وہ بھی اس وقت جب امام الحق اور اظہر علی صرف 27 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ جس طرح شان مسعود اور اسد شفیق کی جوڑی نے حریف بولروں کی پٹائی اس سے تو ثابت ہوجاتا ہے کہ وکٹ کو دوش دینا صحیح نہیںہوگا۔ پاکستانی بیٹسمین ذمہ داری کا ثبوت دینے کے بجائے غلط اسٹروک کھیل کر آئوٹ ہوتے رہے۔ ٹھیک ہے کہ جنوبی افریقہ پاکستان سے کہیں بہترین ٹیم ہے، اسے ہوم گرائونڈ کا فائدہ بھی تھا، پاکستان کے مقابلے میں بیٹسمین اور بولر وکٹوں کو اچھی طرح سمجھتے بھی تھے لیکن پاکستان کی بیٹنگ اتنی بری بھی نہیں تھی کہ صحیح طورپر کھیل نہ سکیں۔اگر شان مسعود اور اسد شفیق 88 اور 61 رنز بناسکتے تھے تو دوسروں کو کیا ہوگیا تھا۔ یہ صحیح ہے کہ ٹاس ہارکر پہلے بیٹنگ کرنے کا نقصان ہوا لیکن وکٹ صرف پہلے 2گھنٹے خراب دکھاتی رہی بعد میں بیٹنگ کے لئے ساز ہوگئی تھی۔ میزبان ٹیم نے کل کے اسکور 382 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی اننگ کا آغاز کیا تو عامر نے 3 اور شاہین آفریدی نے ایک مزید وکٹیں حاصل کر کے میزبان ٹیم کو صرف 49 رنز کے اضافے پر آئوٹ کردیا۔ دونوں نے بالترتیب 88 اور 123 رنز کے عوض 4,4 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کو پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے 254 رنز درکار تھے لیکن تیسری وکٹ کیا گری کہ پھر سے مسائل نے پاکستانی کھلاڑیوں کو آگھیرا۔ فخر زمان جو کہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بہترین کھیل پیش کرتے ہیں اس بار بھی ٹیسٹ میچ میں ناکام رہے اور محض 6 رنز ہی بنا سکے اور کپتان سرفراز بھی ایک چوکا لگانے کے بعد وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ فخر زمان کو مڈل آرڈر پر کھلانے کا تجربہ ناکام ثابت ہوا جو خود غلط شاٹ کھیل کر آئوٹ ہوئے۔امید کی آخری کرن جو مڈل آرڈر میں روشن ہوئی تھی پھر سے ٹمٹمانے لگی ۔ اس کے بعد محمد عامر اور یاسر کی وکٹیں جلد گر گئیں لیکن بابر اعظم ایک اینڈ سے رنز بناتے رہے آخر کار وہ بھی 72 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ اس طرح پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 41 رنز کا ہدف دیا جو یقینا وہ باآسانی حاصل کر لے گا بلکہ ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔
 
 

شیئر: