عوام کی چیخیں حکومت گرا دیں گی،بلاول
اسلام آباد... پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ بجلی، گیس اور پٹرول مہنگا ہونے کی چیخیں اب دھاڑ میں بدل رہی ہیں جو آپ کی حکومت گرا دیں گی۔ ٹوئٹر پربیان میں انہوں نے کہا کہ جی ہاں، سندھ سے چیخیں آرہی ہیں کہ سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والے صوبے کو گیس نہیں دی جارہی۔ سندھ سے چیخیں آرہی ہیں کہ پانی نہیں دیا جارہا، زراعت اور صنعتیں تباہ ہورہی ہیں۔بلاول نے کہا کہ پورے پاکستان سے چیخیں آرہی ہیں کہ بجلی مہنگی، گیس مہنگی، پٹرول مہنگا، غریب کے سر پر نہ چھت، نہ پیٹ میں روٹی، نہ تن پہ کپڑا، یہ چیخیں اب دھاڑ میں بدل رہی ہیں اور یہ دھاڑ آپ کی حکومت گرادےگی۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ جعلی بینک اکاونٹس کے حوالے سے تاریخ کی سب سے منی لانڈرنگ کی تفتیش کرنے جارہے ہیں اور سندھ سے چیخیں آرہی ہیں۔