Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
بدھ ، 11 جون ، 2025 | Wednesday , June   11, 2025
بدھ ، 11 جون ، 2025 | Wednesday , June   11, 2025

گورے والدین کا کالا بچہ

ایک اعرابی کے ہاں کالے بچے نے جنم لیا۔اعرابی کو تعجب ہوا کہ میں اور میری بیوی دونو ں گورے ہیں تو یہ کالا بچہ کہاں سے آگیا۔ شیطان نے اعرابی کے دل میں وسوسہ ڈالا۔ وہ پریشانی کی حالت میں مدینہ منورہ آیا۔ رسول اللہ سے ملاقات کی اور عرض کیا:
’’ اے اللہ کے رسول ! میرے ہاں سیاہ بچے نے جنم لیا ہے جبکہ ہمارے خاندان میں کوئی آدمی سیاہ نہیں۔‘‘ 
نبی اکرم  اسے دوسروں پر اعتماد کرنے اور بیوی پر تہمت نہ لگانے کی نصیحت کر سکتے تھے لیکن آپ نے اسے سمجھانے کیلئے ایسا انداز اختیار کیا جس کے ذریعہ وہ آدمی بذات خود اپنی مشکل حل کرسکتا تھا۔
آپ نے اس کی طرف دیکھ کر دریافت فرمایا:
’’ کیا تمہارے پاس اونٹ ہیں؟‘‘
اس نے کہا’’ ہاں‘‘
دریافت فرمایا:
’’ کس رنگ کے ہیں؟‘‘
آدمی نے کہا’’ سرخ رنگ کے‘‘
’’ان میں کوئی سیاہ اونٹ بھی ہے‘‘
’’نہیں‘‘
’’ کوئی خاکستری اونٹ ہے‘‘
’’خاکستری ہے‘‘ اعرابی بولا
فرمایا’’ وہ کہاں سے آیا؟‘‘
اعرابی نے تھوڑی دیر سوچا ، پھر بولا’’ ہوسکتا ہے اسے کوئی رگ کھینچ لائی ہو‘‘
(یعنی اونٹ کے آباء واجداد میں کوئی خاکستری ہوگا اور مشابہت نسل میں باقی رہ گئی ہوگی جو اس اونٹ میں ظاہر ہوگئی ہے)۔
رسول اکرم نے فرمایا:
’’ہوسکتا ہے تمہارے اس لڑکے کو بھی کوئی رگ ہی کھینچ لائی ہو‘‘
آدمی نے ارشاد مبارک سنا تو سوچ میں پڑگیا۔اسے معلوم ہوا کہ یہ جواب تو اس کا اپنا ہے ۔وہ مطمئن ہوکر اپنے گھر چلایا گیا۔
صلی اللہ علیک یا سیدی یا رسول اللہ
 

شیئر: