فیصلے سے سچ سامنے آگیا،عمران خان
اسلام آباد...وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے اقتدار میں آکر صرف دولت بنائی۔نواز شریف کے خلاف فیصلے سے سچ سامنے آگیا ۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا ۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف احتساب عدالت کے فیصلے پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم کو فیصلے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ احتساب کا عمل ملکی ترقی کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ حکمرانوں نے اقتدار میں آکر صرف دولت بنائی، صرف 10 سال میں 24 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا۔ اتنے بڑے قرضے کے بعد بھی عوام کی حالت نہ بدل سکی بلکہ اس کے برعکس عوام غریب سے غریب تر ہوگئے۔ دریں اثناءتحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ نواز شریف نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کی ہے۔ فیصلے پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ احتساب عدالت نے نواز شریف کے خلاف فیصلہ تاریخی فیصلہ کیا ہے ۔پاکستان میں پہلی مرتبہ طاقتور قانون کی شکنجے میں آیا جو خوش آئند اقدام ہے۔