26 دسمبر کو اہم فیصلے ہونے ہیں، پیپلز پارٹی
اسلام آباد... پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ 26 دسمبر کو اہم فیصلے ہونے ہیں۔27 دسمبرکو بڑا ردعمل سامنے آئیگا۔ یکطرفہ احتساب سیاستدانوں کیخلاف ہو رہا ہے۔آصف زرداری ماضی کی طرح سرخرو ہونگے۔ سپریم کورٹ ٹرائل کورٹ نہیں ۔جے آئی ٹی بننا کوئی نئی بات نہیں۔ریفرنسز سے گھبرانے والے نہیں ۔ پیر کو سینیٹر شیری رحمن ، فرحت اللہ بابر اور سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ نیئر حسین بخاری نے کہا کہ تاریخ میں آج 2 اہم کیسز کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ زرداری کیخلاف ایک الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے کسی شخص کی ٹانگ کے ساتھ بم باندھ کر بینک بھیجا وہ الزام کیا ثابت ہوا؟ کیا اس الزام کا ہوا؟۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے صرف یہ بتانا چاہتے ہیں کہ یکطرفہ احتساب صرف سیاستدانوں کیخلاف ہو رہا ہے۔ اس مقدمے میں بھی ماضی کی طرح سرخرو ہونگے۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ واضح طور پر جے آئی ٹی کی رپورٹ گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔ شہزاد اکبر کی ابھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے ایسا نہ ہو کہ ایک انوکھا لاڈا ہو اور دوسروں پر ریفرنسز بنیں ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ نیا پاکستان ہے؟ نئے پاکستان میں یہ کام ہونے ہیں؟، اگر ایسا ہونا ہے تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی مقدمات کا سامنا کیا ہے اب بھی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر کو بڑا ردعمل سامنے آئے گا۔