اقوام متحدہ کشمیر میں خونریزی رکوائے،دفتر خارجہ
اسلام آباد... پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کشمیر میں مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیر میں خون کی ہولی رکوائیں۔ ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے کہا کہ آج بھی کشمیر میں 6 معصوم کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا ۔ پاکستان معصوم کشمیریوں کی شہادت کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلوا مہ میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروسز کی بندش ہندوستانی حکومت کے ظالمانہ فیصلوں کا تسلسل ہے۔ دریںاثناءکشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے 6 کشمیری نوجوانوں جاں بحق ہوگئے ہندوستانی فوج، سی آر پی ایف اور اسپیشل آپریشن گروپ نے ترال کے علاقے آرام پورہ میں مشترکہ کارروائی کی بے گناہ نوجوانوں کو حراست میں لے کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ سے 6 کشمیری نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ انتظامیہ نے احتجاج اور مظاہرہ روکنے کے لئے وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز معطل کردی۔ ضلع کپواڑہ میں فائرنگ سے 2 ہندوستانی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔