امیر کی جیل’ ’بنگلہ“ اور غریب کی لاش کو ”ہتھکڑی“
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ن لیگ کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی وزرا کالونی میں سرکاری رہائش کو سب جیل قرار دینے پر تنقید کی ہے جبکہ جواباً انہیں اپنی ہی پارٹی کے ایک رہنما پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اگر آپ طاقتور اور امیر ہیں تو جمہوریت کے مفاد میں نہ صرف آپ کے شاندار بنگلے کو جیل قرار دیا جائے گا بلکہ آپ حکومت کا آڈٹ بھی کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لیکن اگر آپ غریب ہیں تو عبرت کےلئے ہتھکڑی لگی لاش کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب کے ہاتھوں گرفتار سرگودھا یونیورسٹی کے پروفیسر محمد جاوید انتقال کرگئے تھے اور ان کی ہتھکڑیوں و زنجیروں میں جکڑی لاش کی تصویر وائرل ہوگئی جس پر عوام خصوصا سوشل میڈیا کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور اس طرز عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔دوسری جانب سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب اور آئی جیل پنجاب کو اجلاس میں طلب کرلیا ہے