اسلام آباد : عالمی سیمینار اتحاد بین المسلمین کیلئے شاندار مساعی پر مملکت کی تحسین
جمعرات 20 دسمبر 2018 3:00
اسلام آباد۔۔۔ عالمی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے”اتحاد بین المسلمین اور سماجی امن کے فروغ میں سعودی عرب اور پاکستان کا کردار“ کے زیر عنوان عالمی سیمینار منعقد کیا۔ پاکستانی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری ، پاکستان میں سعودی سفارتخانے کے ناظم الامور حبیب اللہ بخاری ، پاکستانی جامعات کے پروفیسران ، اسکالرز، علماءاور اسلام آباد اسلامی یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباءو طالبات نے شرکت کی۔ شرکاءنے اسلامی اتحاد کے لئے عظیم الشان مساعی صرف کرنے پر سعودی حکومت ، عوام اور مملکت کے قائد اعلیٰ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج شکر و تحسین پیش کیا۔ انہوں نے 12،13دسمبر 2018ءکو مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام ہونے والی عالمی کانفرنس برائے اسلامی اتحاد کو سعودی قیادت کے مذکورہ مشن کی روشن مثال قرار دیا۔ کانفرنس کے شرکاءنے اسلام آباد میں عالمی اسلامی یونیورسٹی اس کے سربراہ صدر پاکستان عارف علوی، وائس چانسلر ڈاکٹر سلمان ابا الخیل ، سرپرست ڈاکٹر معصوم یاسین زئی اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کو اتحاد بین المسلمین کی خاطر کانفرنسیں ، سیمینار، ورکشاپ اور لیکچرز کرانے پر خراج قدر ومنزلت پیش کیا۔ شرکاءنے کہا کہ اسلام آباد اسلامی یونیورسٹی ایک طرف تو میانہ روی اور اعتدال پسندی رائج کر رہی ہے اور دوسری جانب انتہا پسندی و دہشت گردی کے سدباب میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ کانفرنس کے شرکاءنے مکہ مکرمہ میں ہونے والی اتحاد بین المسلمین کی سفارشات کی تائید و حمایت کی۔ انہو ںنے اعتراف کیا کہ سعودی عرب پوری اسلامی دنیا کا قائد ہے او روہ حجاج و معتمرین نیز حرمین شریفین کی خدمت احسن شکل میں کر رہا ہے۔ اعتدال ، رواداری جیسی اقدار کے پرچار اور شدت پسندی ، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ چھیڑے ہوئے ہے۔