جدہ ۔۔۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے پلوامہ میں بے قصور کشمیریوں پر ہندوستانی افواج کی فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کردی۔پلوامہ میں مظاہرین پر ہندوستانی افواج نے براہ راست فائرنگ کی تھی جس سے متعدد بے قصور کشمیری جاں بحق ہوگئے۔ او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے اسے دہشتگردانہ عمل قرار دیا۔ عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے تنازع کے دائمی اور منصفانہ حل کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق مسئلہ حل کرائے۔ او آئی سی جنرل سیکریٹری نے مذکورہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے بے قصور کشمیریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی فوری شفا کی دعا کی۔ دریں اثناءاسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے انسداد کیلئے رکن ممالک کی جدوجہد میں یگانگت پیدا کرنے کیلئے اتوار کو جنرل سیکریٹریٹ میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا۔ یہ تیسرا سیمینار ہے جس کے تحت انتہا پسندی اور دہشتگردی کے انسداد کےلئے رکن ممالک کی جدوجہد کو اجاگر کیا جارہا ہے۔ او آئی سی میں صوت الحکمہ مرکز کے انچارج ڈاکٹر بشیر انصاری نے کہا کہ ہمارا مرکز او آئی سی کے پلیٹ فارم سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے انسداد کے کامیاب تجربات کو سامنے لانے کیلئے رکن ممالک کی مساعی کا تعارف کرا رہا ہے تاکہ ہمارے سامنے کامیاب اور موثرنمونے سامنے آسکیں اور ہمیں تمام تجربات کے کامیاب ترین نکات کا مجموعہ تیار کرنا ہے نہ کہ ان میں کسی قسم کی مسابقت کا ماحول برپا کرنا۔ سیمینار میں مصر، مراکش اور ترکی کے انسداد دہشتگردی تجربات کا جائزہ لیا گیا۔صوت الحکمہ مرکز کا پروگرام ہے کہ تمام رکن ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں۔